سوال

ایک صاحب جان لیوا مرض  میں مبتلا ہیں۔  اور علاج نہیں  کرانا چاہتے، کیونکہ آخرت میں علاج نہ کروا نے والے بغیر حساب کے جنت میں داخل ہو ں گے۔ کیا یہ صحیح ہے؟

جواب

الحمدلله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

ہمارے معاشرے میں کچھ لوگ علاج کے سلسلہ میں افراط و تفریط کا شکار ہیں۔انہیں میں سے ایک سائل بھی ہے، جو جان لیوا مرض میں مبتلا ہے، لیکن  اپنا علاج نہیں کرواتا۔ یہ سمجھتے ہوئے کہ علاج نہ کروانے والے بغیر حساب کے جنت میں داخل ہوں گے۔حالانکہ یہ درست نہیں ۔  خود اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے علاج معالجے کی تلقین فرمائی ہے:

اعرابیوں( دیہاتیوں) نے اللہ کے رسولﷺسے سوال کیا کہ کیا ہم (بیماریوں کا) علاج کریں؟تو آپ ﷺ نے فرمایا:

 “نَعَمْ يَا عِبَادَ اللَّهِ تَدَاوَوْا فَإِنَّ اللَّهَ لَمْ يَضَعْ دَاءً إِلَّا وَضَعَ لَهُ شِفَاءً أَوْ قَالَ دَوَاءً إِلَّا دَاءً وَاحِدًا قَالُوا يَا رَسُولَ اللَّهِ وَمَا هُوَ قَالَ الْهَرَمُ”.  [سنن ترمذي :2038]

ہاں، اللہ کے بندو! علاج کرو، اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے جو بیماری پیداکی ہے اس کی دوابھی ضرور پیداکی ہے، سوائے ایک بیماری کے‘‘، لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسولﷺ! وہ کون سی بیماری ہے؟ آپ نے فرمایا: وه بڑھاپا ہے۔

لہذا اگر انسان ایسے مرض میں مبتلا ہو کہ اس سے اس کی ہلاکت یا کسی عضو کے تلف ہونے کا خدشہ ہو، تو اہلِ علم نے علاج کو واجب قرار دیا ہے۔ ( دیکھیں: مجلۃ مجمع الفقہ الاسلامی:7/1522 بترقیم الشاملۃ)

رہی وہ حدیث کہ جس میں  حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

“يدْخُلُ الْجَنَّةَ مِنْ أُمَّتِي سَبْعُونَ أَلْفًا بِغَيْرِ حِسَابٍ»، قَالُوا: مَنْ هُمْ يَا رَسُولَ اللهِ؟ قَالَ: «هُمُ الَّذِينَ لَا يَسْتَرْقُونَ، وَلَا يَتَطَيَّرُونَ، وَلَا يَكْتَوُونَ، وَعَلَى رَبِّهِمْ يَتَوَكَّلُون”. [مسلم: 525]

“میری امت کے ستر ہزار آدمی بلا حساب وکتاب جنت میں داخل ہوں گے، صحابہ کرام نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! وہ کون لوگ ہیں؟ آپ نے ارشاد فرمایا: “یہ وہ لوگ ہوں گے جو جھاڑ پھونک نہیں کرواتے، بدفالی نہیں لیتے، آگ سے نہیں داغواتے اور اپنے رب پر توکل کرتے ہیں۔

تو  اس سے  مراد کفریہ شرکیہ دم ، یا حرام اور ناجائز طرق ہائے علاج ہوں گے۔اور اگر  عام علاج اور دواء کا استعمال بھی مراد لیا جائے، تو اسے اس شخص  پر محمول کیا جائے گا، جو کسی مہلک یا متعدی مرض میں مبتلا نہ ہو۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الرؤف بن  عبد الحنان حفظہ اللہ