سوال

بارش کا موسم تھا، امام نے جمعے کی نماز کو مختصر کرنے کی نیت سے دونوں رکعتوں میں صرف فاتحہ پڑھنے پر اکتفا کیا، اور قراءت نہیں کی۔ کیا یہ عمل درست ہے، اور اس طرح نماز ہو جاتی ہے؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

نماز کے قیام میں صرف سورۃ الفاتحہ کی تلاوت فرض ہے، اس سے زائد قراءت مستحب  ومسنون ہے، فرض نہیں۔ اور امام، مقتدی، اور منفرد، تینوں کے لیے نماز کے احکام یکساں ہیں، الا کہ فرق کی کوئی دلیل ہو۔ لہذا اگر کوئی نمازی کسی وقت حالت ِقیام میں صرف سورۃ الفاتحہ پڑھ کر رکوع کر لے، تو نماز درست ہو گی۔

جیسا کہ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ  فرماتے ہیں:

«فِي كُلِّ صَلاَةٍ يُقْرَأُ، فَمَا أَسْمَعَنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَسْمَعْنَاكُمْ، وَمَا أَخْفَى عَنَّا أَخْفَيْنَا عَنْكُمْ، وَإِنْ لَمْ تَزِدْ عَلَى أُمِّ القُرْآنِ أَجْزَأَتْ وَإِنْ زِدْتَ فَهُوَ خَيْرٌ»[بخاری:772]

’ہر رکعت میں تلاوت کی جاتی ہے۔ جو ہمیں رسول اللہ ﷺ نے سنوایا، وہ ہم تمہیں سنوا دیتے ہیں اور جو رسول اللہ ﷺ نے ہم سے پوشیدہ رکھا، ہم اسے تم سے پوشیدہ رکھتے ہیں  ۔ (یعنی جن رکعتوں میں نبی ﷺ آہستہ پڑھا کرتے تھے، ان میں ہم بھی آہستہ پڑھتے ہیں) اگر تو سورہ فاتحہ سے زیادہ نہ کرے، تو تیری نماز ہوجائے گی۔ اگر تو زیادہ کرے تو یہ تیرے لیے بہتر ہے‘۔

یہ روایت اس مسئلے کو اور بھی واضح کررہی ہے کہ ہررکعت میں  سورہ فاتحہ پڑھنا لازم ہے۔ فاتحہ کے ساتھ بندہ مزید پڑھے یہ خیر اور بہتر ہے، کیونکہ یہ سنت ہے، لیکن اگر نہ بھی پڑھے تو نماز اس کی ہوجائے گی ۔

لیکن یاد رہے کہ  ہر بار ہی صرف فاتحہ پر اکتفا کرنا، اور بعد والی مسنون قراءت کو چھوڑنا یہ درست نہیں۔  ایسا شخص سنت کا تارک سمجھا جائے گا۔

امام نووی رحمہ اللہ  اس حدیث کے ضمن میں فرماتے ہیں:

“فيه استحباب السورة بعدها، وهذا مجمع عليه في الصبح والجمعة والأولييْن من كل الصلوات وهو سنة عند جميع العلماء”. [شرحه على مسلم:4/105]

’اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ فجر، جمعہ اور تمام نمازوں کی پہلی دو رکعتوں میں   فاتحہ کے بعد والی سورت پڑھنا مستحب ہے، اور یہ تمام علمائے کرام کے نزدیک ’مسنون‘ ہے‘۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الرؤف بن  عبد الحنان حفظہ اللہ