سوال

ایک بزرگ آدمی کو قبرستان سے بہت خوف آتا ہے،اور اس نے اپنے اہل و عیال کو وصیت کی ہے ،کہ مجھے وفات کے بعد قبرستان میں  دفن نہ کیا جائے. بلکہ الگ سے ذاتی زمین میں  دفنایا جائے۔ کیا گھروالوں پر یہ بات ماننا ضروری ہے؟ اور اگر متوقع ورثا زمین کے اس استعمال پر راضی نہ ہوں تو کیا کیا جا سکتا ہے؟ بارک الله فيك

جواب

الحمدلله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

مسلمانوں کا یہ طریقہ شروع سے چلا آرہا ہے، جب بھی کوئی مسلمان فوت ہوتا ہے تو اس کو  مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کیا جاتا ہے۔صرف انبیائے کرام علیھم السلام  اس سے مستثنیٰ ہیں۔ان کو جہاں موت آتی ہے، وہیں دفن کیا جاتا ہے۔[صحیح سنن الترمذی: 1018]

اس لئے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کے حجرے میں ہوئی، اور آپ کو وہیں سپردِ خاک کیا گیا۔سوائے شیخین رضی اللہ عنہما کے کہ ان کو وصیت کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ دفن کیا گیا ہے،  جو کہ  استنثائی صورت ہے، اسے اصول نہیں بنایا جاسکتا۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ میں کئی ایک صحابہ کرام، اور  عزیز و اقارب فوت ہوئے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سب کو قبرستان میں ہی دفن کیا تھا۔ کسی کو گھر میں، یا الگ کسی خاص جگہ پر نہیں دفنایا۔ [المغني لابن قدامة:2/193، قبرِ مبارک، تاریخ و حقائق، ص:54]

اس لیے صورت مسؤلہ میں جو بزرگ ہیں، ان کو بھی مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کیا جائے۔اگر قبرستان سے ڈر لگتا ہے تو یہ ایک نفسیاتی مسئلہ ہے، اس کو شریعت کا درجہ نہ دیا جائے۔

اور یہاں تو  یہ بھی ہے کہ  ورثا ذاتی زمین میں دفن کرنے پر راضی نہیں۔جبکہ  اس کے فوت ہونے کے بعد زمین  اس کی نہیں، بلکہ اس کے ورثا کی ہوگی۔اس لیے اس کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کیا جائے گا،اس کی وصیت پر عمل کرنا ضروری نہیں۔

ویسے بھی قبرستان کے علاوہ کسی اور جگہ پر دفن کرنے میں کئی قباحتیں ہیں۔قبرستان میں اکثر لوگ آتے جاتے ہیں اور مسلمانوں کے لیے دعائیں کرتے ہیں۔جبکہ الگ دفن کرنے میں یہ چیز نہیں ہوتی۔ سب لوگ گھروں میں دفن کرنا شروع ہوجائیں، تو  رہائشی آبادیاں، قبرستانوں کا منظر پیش کرنے لگیں گی۔ اس میں زندہ لوگوں کے لیے بھی مشقت و مشکلات ہیں، جبکہ قبروں کی بے حرمتی  وغیرہ کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ حافظ عبد الرؤف  سندھو  حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو محمد إدریس اثری حفظہ اللہ