ٹھنڈا ٹھنڈا پودینہ نہ صرف ہمارے کھانوں کا ذائقہ بڑھاتا ہے، بلکہ ایک اچھا ماؤتھ فریشنر بھی ہے۔ اس کو کھانے سے سانسیں بھی مہک جاتی ہیں اور منہ کی بو بھی دور ہوجاتی ہے۔ پودینے کے پتے ہمارے لیے اور بھی کئی مسائل میں فائدہ مند ہیں جوہمیں شاید معلوم بھی نہیں ہیں۔ اگر آپ بھی چاہتے ہیں کہ سستے پودینے سے بڑے فوائد حاصل کرسکیں اور اپنی صحت و جلد کے معمولات سدھار سکیں تو اس کے چند کار آمد فوائد و استعمالات اچھی طرح جان لیں۔

پودینےکے پتے فائدہ مند کیوں؟

پودینے میں پوٹاشیم، میگنیشئم، کیلشئم، فاسفورس، فولیٹ، آئرن، وٹامن اے اور سی پایا جاتا ہے، جو صحت کے مسائل، جسمانی تازگی اور خوبصورتی کو بھی بڑھانے کے لئے مفید ہے۔

پودینے کی اقسام:

پودینہ کئی اقسام کا ہوتا ہے، جیسا کہ سیبی پودینہ، رنگ برنا، پودینہ،سیاہ پودینہ، سفید پودینہ، ادرکی پودینہ، لیمونی پودینہ، کالی نفسی پودینہ، خوشبودار پودینہ وغیرہ ہیں۔

پودینے کے فوائد:

درج ذیل بیماریوں میں پودینہ بہت مفید ثابت ہوتا ہے:
• سر درد اور متلی: پودینے کے چند پتوں کو سونگھ لینے سے سر درد اور متلی بھی ختم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ آپ اس کی پتیوں کے تیل کی مالش بھی بالوں میں کر سکتے ہیں۔
• عمل تنفس: پودینہ ہمارے عملِ تنفس اور سانس کے مسائل میں بھی فائدہ مند ہے۔ روزمرہ کے کھانوں میں اس کا استعمال رکھیں۔  ساتھ ہی آدھا گلاس نیم ٹھنڈا پودینے کا پانی پینا بھی اس مسئلے کے حل میں مفید ہے۔
• بد ہضمی:  پودینے کے پتوں کا استعمال کھانا جلدی ہضم کرنے اور بدہضمی کے مسائل سے بچاتا ہے اور معدے کو تقویت بخشتا ہے۔ اس کے پتوں کو سکھا کر پیس لیں اور روزانہ کھانے کے بعد آدھا چمچ پاؤڈر سادے پانی سے پھانک لیں۔

• بلڈپریشر: بلڈ پریشر بڑھنے یا گھٹنے دونوں مسائل میں پودینہ کھانا آپ کی طبیعت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ اس لئے کھانوں میں اس کا زیادہ استعمال رکھیں۔
• دودھ پلانے والی خواتین: وہ خواتین جو فیڈ کرواتی ہیں ان کے لئے پودینہ ایک اچھا ریلیکسنٹ ہے، جو انھیں بریسٹ فیڈنگ سے ہونے والے درد سے بچاتا ہے، اور بچے کے ہاضمے کو بھی تیز بناتا ہے۔ کھانوں میں سلاد کے طور پر استعمال کرنا ماؤں کے لئے مفید ہے۔
• پیٹ کے کیڑے: پودینے میں شامل فولیٹ پیٹ کے کیڑوں کو مارنے کا کام کرتے ہیں اور آنتوں کی صفائی میں بھی مفید ہے۔ اس میں آپ پودینے کا جوس بھی استعمال کرسکتے ہیں اور اس کا پاؤڈر نیم گرم پانی کے ساتھ بھی کھا سکتے ہیں۔
• منہ اور دانتوں کے مسائل: منہ کے چھالے ہوں یا دانتوں میں تکلیف، مسوڑھوں کی سوزش ہو یا گلے کی خرابی، پودینے کی تازگی آپ کو ان مسائل میں بھی مدد دیتی ہے۔ اس لیے اسے روزانہ کھانوں میں ضرور شامل کریں-
• کولیسٹرول: پودینے میں کولیسٹرول کی سطح کم کرنے کی طاقت ہوتی ہے۔ اسی طرح پودینے میں موجود مرکبات جسم کے موسمی الرجی کے ردعمل میں کمی لاتے ہیں۔

• بند ناک کو کھولے: پودینے کی جراثیم کش خصوصیات عام نزلہ زکام یا متاثرہ نتھوں سے لڑنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ پودینے میں موجود مینتھول سے بھی زکام کے شکار افراد کے لیے سانس لینا آسان ہوتا ہے۔

علمائے کرام کی روٹین عموما جسمانی طور پر غیر متحرک ہوتی ہے۔ یعنی جسمانی مشقت اور بھاگ دوڑ جیسے امور سے واسطہ کم ہوتا ہے، جس وجہ سے عموما دیکھنے میں آیا ہے کہ ان میں موٹاپا اور فربہ پن پایا جاتا ہے، جس وجہ سے کئی ایک بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔ ایسے افراد کے لیے پودینہ بھی کافی فائدہ مند ہے۔ جو کہ وزن بڑھنے اور اضافی چربی کو بڑھنے سے روکنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے لئے آپ ناشتے سے آدھا گھنٹہ بعد اس کا جوس بنا کر پی لیں اور متوازن غذا لازمی استعمال کریں۔