سوال 7610

السلام عليكم و رحمة الله و بركاته!
اگر چار سنتیں اکٹھی پڑھیں تو کیا آخری دو رکعات میں فاتحہ کے ساتھ کوئی اور سورت ملانا ضروری ہے؟
رہنمائی فرمادیں
بارك الله فيكم

جواب

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
ہماری معلومات کی حد تک یہ بات واضح ہے کہ فرائض کی ادائیگی زیادہ اہمیت رکھتی ہے، اور اصلاً عبادت وہی ہے جس کے بارے میں بندہ اللہ تعالیٰ کے سامنے جواب دہ بھی ہے۔
جب فرض نماز میں چار رکعت پڑھی جائیں تو پہلی دو رکعتوں میں فاتحہ کے ساتھ اضافی سورت پڑھنا سنت اور مستحب ہے، جبکہ آخری دو رکعتوں میں اس کا جواز ہے۔ یعنی کوئی پڑھنا چاہے تو پڑھ لے۔ البتہ جہری نماز میں اگر امام کے پیچھے ہو تو پھر نہیں پڑھے گا۔
تو جب فرض نماز میں یہ حکم ہے، نفل اور سنتوں میں بھی اسی طرح ہوگا۔ اضافی قراءت فرض کے درجے میں نہیں ہے۔ جو کرنا چاہتا ہے، وہ کر لے؛ جو نہیں کرنا چاہتا، نہ کرے۔ البتہ شروع کی دو رکعتوں میں اسے پڑھنا سنت اور مستحب ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ