سوال

میرا ایک آن لائن سٹور ہے۔یعنی مختلف مصنوعات آن لائن فروخت کرتا ہوں۔ کچھ مصنوعات کاسٹاک میرے پاس رکھا ہوتا ہے ، جبکہ اکثر مصنوعات کی صرف تصاویر لگا کر ان کی قیمت اور کوالٹی وغیرہ کی تفصیل کااشتہار دیاجاتا ہے، اور آرڈر آنے پر گاہک کی مطلوبہ شے فیکٹری سے براہ راست یا ہول سیل مارکیٹ سے خرید کرروانہ کردیتا ہوں ۔اس طریقہ کار کے متعلق کیا رائے ہے؟

جواب

الحمدلله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

  • نبی ﷺ نے اس چیز کو بیچنے سے منع کیا ہے جس پر قبضہ نا ہو ۔ اس سلسلے میں متعد احادیث وارد  ہوئی ہیں۔
    حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ سے روایت ہےکہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:

“لاَ تبع ما ليسَ عندَكَ”.(ترمذي:1232)

’’جو چیز تمہارے پاس نہیں ہے اس کی بیع نہ کرو‘‘۔

نبی ﷺ نے فرمایا:

“منِ ابتاع طعامًا فلا يبعْه حتى يستوفيَهُ” (صحيح البخاري:2136)

’جو شخص غلہ خریدے تو جب تک اسے پورا وصول نہ کر لے اسے آگے فروخت نہ کرے‘۔

  • البتہ اس  طرح کے معاملات میں شریعت کی طرف سے دو جائز صورتیں موجود ہیں:

1۔ وکالت: یعنی جو اشیاء ملکیت و قبضہ میں نہیں ہیں،  ان کے حوالے سے اپنے آپ کو مالک ظاہر نہ کریں ،بلکہ بطور وکیل یا کمیشن ایجنٹ بن کر ان اشیاء کو  فروخت كيا جائے۔

2۔ بیع سلف:     اس میں  خرید و فروخت کے وقت چیز کا پاس موجود ہونا ضروری نہیں، بلکہ مطلوبہ شے کی  کوالٹی، قیمت اور دیگر تفصیلات طے کرلی جائیں اوریہ بھی طے کرلیا جائے کہ فلاں وقت اور تاریخ کو آپ کویہ چیز میسر کردی جائے گی، تو یہ درست ہے۔ لیکن اس میں بھی بہرصورت  چیز خریدار کو دینے سے پہلے اپنی ملکیت میں لانا ضروری ہے۔ اور اگر ایسا ممکن نہ ہو، تو پھر پہلی صورت پر  ہی اکتفا کیا جائے۔

  • آن لائن خرید و فروخت میں یہ مسئلہ عام ہے کہ  دکھایا کچھ جاتا ہے، اور بیچا کچھ جاتا ہے ۔ یعنی تشہیر اور تصویر میں دکھائی جانے والی چیز جب حقیقت میں گاہک کے پاس پہنچتی ہے، تو وہ  معیار اور کوالٹی کے لحاظ سے کم تر ہوتی ہے۔  یہ  دھوکہ دہی  اور غلط بیانی کے زمرے میں آتا ہے، جس سے اجتناب کرنا ضروری ہے۔

هذا ما عندنا والله أعلم بالصواب

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ حافظ عبد الرؤف  سندھو  حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو محمد إدریس اثری حفظہ اللہ