سوال
کیا یوٹیوب پر اسلامی یا معلوماتی چینل بنا کر کمائی کرنا ، ازروئے شریعت جائز ہے یا ناجائز ہے؟
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
کوئی بھی کمپنی اپنی مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ فروخت کرنے کے لیے تشہیر کرتی ہے۔انٹرنیٹ کی دنیا میں بھی یہی طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔سو یوٹیوب ویڈیو میں جب کسی کے سامنے اسکی دلچسپی والی چیز کا اشتہار آتا ہے تو وہ اسے مکمل دیکھتا ہے، وگرنہ اسے ہٹا کر اصل ویڈیو دیکھنے میں مشغول ہوجاتا ہے۔
گوگل اشتہار دینے والی کمپنی سے رقم وصول کرتی ہے کہ اتنی مرتبہ آپکا اشتہار ظاہر ہوا اور اتنی مرتبہ دیکھا گیا۔دیکھنے سے مراد دلچسپی رکھنے والے افراد کا دیکھنا ہوتا ہے۔ پھر اس حاصل شدہ رقم میں سے ایک خاص حصہ ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جن کے چینل پہ وہ ویڈیو دیکھی گئی تھی جس پہ اشتہار شو ہوا یا دیکھا گیا۔
چینل بنانے والے اپنے چینل کو پیش کرتے ہیں کہ ہماری ویڈیوز پہ اشتہار چلائے جائیں، تاکہ ہمیں بھی اس میں سے کچھ حصہ ملے۔
پھر جب اشتہارات انکی ویڈیوز پہ آنا شروع ہوتے ہیں تو زیادہ سے زیادہ نفع کمانے کے لیے وہ ایسے افراد ڈھونڈتے ہیں جو معمولی رقم لے کر انکی ویڈیوز دیکھیں، اور ان پہ چلنے والے اشتہار دیکھیں، خواہ انہیں اس اشتہار میں کوئی دلچسپی ہو یا نہ۔
اس سارے سرکل میں سبھی نفع کماتے ہیں سوائے اس کمپنی کے جس نے اشتہار دیا ہوتا ہے، وہ نقصان اٹھاتی ہے کہ اسکی پراڈکٹ کا اشتہار اتنے افراد نے مکمل دیکھا لیکن وہ پسند کسی کو بھی نہیں آئی اور کسی نے اسکا آرڈر نہیں دیا۔
سو اس اعتبار سے یہ اضرار ہے جسکی شرع میں اجازت نہیں۔اور زائرین چونکہ پیسے کی خاطر ویڈیوز دیکھ رہے ہوتے ہیں، سو اس چینل کی مقبولیت حقیقی مقبولیت نہیں ہوتی بلکہ بناوٹی ہوتی ہے، اور اس مقبولیت کی بنا پہ اسے اشتہارات ملتے ہیں، سو یہاں بھی دھوکے کا پہلو پایا جاتا ہے۔اگر یہ قباحتیں نہ ہوں تو اس میں حرج نہیں۔ اور یہ تب ممکن ہے جب ویڈیو کا لنک اس ویڈیو میں حقیقی دلچسپی لینے والے افراد کو شیئر کیا جائے اور وہ اس ویڈیو کو اپنے لیے مفید سمجھتے ہوئے دیکھیں۔ (مزید تفصیل کےلیے سوال نمبر 43و 55 ملاحظہ فرمائیں)
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ