سوال

واٹس ایپ وغیرہ پر یہ سہولت ہے کہ اگر کہیں کسی کو میسیج غلطی سے ہوگیا ہے، یا پھر وقتی طور پر بھيجا گیا ہے، تو بعد میں اسے ڈیلیٹ کرنے کا آپشن بھی ہوتا ہے۔بعض لوگ کچھ ٹولز کے ذریعے ڈیلیٹ شدہ میسیجز بھی دیکھ لیتے ہیں، کیا ایسا کرنا جائز ہے؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

حذف شدہ (deleted) چیزوں کو ریکور کرنا، یا ایسے وسائل و ذرائع استعمال کرنا کہ جن سے دوسروں کی ایسی چیزیں بھی نظر آنا/ سنائی دینا شروع ہوجائیں، جو کہ وہ کسی کو دکھانا / سنانا نہیں چاہتے، یہ بالکل جائز نہیں ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

“مَنِ اسْتَمَعَ إِلَى حَدِيثِ قَوْمٍ، وَهُمْ لَهُ كَارِهُونَ، أَوْ يَفِرُّونَ مِنْهُ، صُبَّ فِي أُذُنِهِ الآنُكُ يَوْمَ القِيَامَةِ”. [صحيح البخاري:7042]

’جس نے کسی قوم کی باتوں پر کان لگایا، حالانکہ وہ اس کے سننے کو ناپسند کرتے ہوں، یا اس سے راہِ فرار اختیار کرتے ہوں، تو ایسے شخص کے کانوں میں روزِ قیامت سیسہ پگھلا کر ڈالا جائے گا‘۔
جس شخص نے میسیج بھيج کر حذف/ ڈیلیٹ کیا ہے، اس کا مطلب ہے کہ وہ کسی اور کو وہ سنانا یا دکھانا نہیں چاہتا، پھر کسی اور کا اسے دیکھنا ،سننا یا پڑھنا یہ اسی ضمن میں آتا ہے۔ ایسا کرنے والوں کو قیامت کے دن سے ڈرنا چاہیے۔
یہ ’تتبعِ عورات‘ یعنی دوسروں کے عیب تلاش کرنے میں بھی آتا ہے،جس پر قرآن وسنت میں الگ سے سخت وعیدیں موجود ہے۔
ایسی ایپس/ سافٹ ویئرز/ٹولز استعمال کرنا بھی جائز نہیں، کیونکہ یہ اس شر اور گناہ کا ذریعہ بنتے ہیں۔
جدید وسائل و ذرائع کے سبب اس قسم کے گناہ بہت عام ہوئے ہیں۔ دوسروں کے موبائلز، کمپیوٹرز، ویب سائٹس، اکاؤنٹس وغیرہ ہیک کرنا، پوشیدہ معلومات اور نمبرز وغیرہ ٹریس کرنا۔ اسی طرح لوگ اپنے موبائل، میموریز، لیپ ٹاپس وغیرہ ڈیوائسز صحیح کروانے کے لیے دیتے ہیں، یا اس میں سے سب چیزیں حذف کرکے، انہیں بیچ دیتے ہیں، جبکہ دوکاندار یا خریدار اس میں موجود ذاتی ڈیٹا کو ریکور کرلیتے ہیں، یہ سب کبیرہ گناہ، اور حرام ہے۔ اللہ تعالی سب کو ہدایت عطا فرمائے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ