سوال

گھر میں ایک کمرے کے اندر ایک شیلف کے اوپر کچھ سامان فضول سا پڑا ہو تھا۔ وہاں سے ایک بڑی ہڈی (جیسے اونٹ کی ٹانگ ) نکلی ہے۔ اس کا کیا کرنا چاہیے؟کیا یہ جادو کا کوئی طریقہ ہے؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

اونٹ کی ہڈی دو مقاصد کے پیش نظر گھروں میں رکھی جاتی ہے:
1. بعض لوگ خود اپنے گھروں میں رکھتے ہیں۔ ان کے ہاں اس کے بعض فوائد ہیں ،مثلا:
‌أ. بعض لوگوں کا یہ عقیدہ ہے کہ جس گھر میں اونٹ کی ہڈی ہو گی ، وہاں کوئی جادو ٹونہ اثر نہ کرے گا۔
‌ب. ان کا ذہن یہ بھی ہوتا ہے اس سے کیڑے مکوڑے، حتی کہ گھر میں سانپ اور بچھو ہوں وہ بھی بھاگ جائیں گے۔
‌ج. بعض کا یہ بھی اعتقاد ہوتا ہے کہ جس گھر میں اونٹ کی ہڈی ہوتی ہے اگر اس میں چور داخل ہو تو وہ بھی اندھا ہو جاتا ہے۔
اس قسم کے کئی ایک اعتقادات ہیں جو لوگوں نے اونٹ کی ہڈی کے ساتھ وابستہ کیے ہوئے ہیں۔یہ تمام کی تمام چیزیں غلط ہیں۔ اونٹ کی ہڈی میں اس قسم کی کوئی تاثیر نہیں کہ وہ کسی کو نفع یا نقصان پہنچائے۔
جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس قبیلہ عرینہ اور عکل کے آٹھ آدمی آئے تھے،تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کا علاج اونٹ کے پیشاب اور دودھ میں بتایا تھا۔ [ صحيح البخاري:233، صحيح مسلم:1671] یہاں آپ نے اونٹ کی ہڈی کے بارے میں کچھ نہیں فرمایا ہے۔
بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے گوبراور ہڈی کے ساتھ استنجا سے منع کیا ہے، اور فرمایا کہ یہ جنوں کی خوراک ہے۔ گوبر ان کے حیوانات کی خوراک ہے اور ہڈیاں جنات کی اپنی خوراک ہے۔ [صحيح مسلم:450]
گویا جب ہم گھروں میں ہڈیاں رکھتے ہیں تو جنوں کو خود آنے کی دعوت دیتےہیں ۔
2. کچھ لوگ بد نیت ہوتے ہیں جو اونٹ کی ہڈی پر جادو کروا کے کسی گھر میں رکھ دیتے ہیں۔ جادو کے سبب اس کے منفی اثرات ہوتے ہیں،جیسے میاں بیوی کے درمیان لڑائی، جھگڑا، حتی کہ جدائی اور طلاق کی نوبت بھی آ سکتی ہے۔
اس کا علاج یہ ہے کہ اس ہڈی کو سامنے رکھیں اور گیارہ مرتبہ معوذتین پڑھیں اور پانی پر تھتھکاریں۔ پھر ایک بڑے ٹب میں پانی ڈال کر اس ہڈی کو دھو دیں۔اس پر جو جادو کے اثرات ہوں گے وہ ختم ہو جائیں گے۔اور یہ صرف ہڈی رہ جائے گی، اس کو جہاں مرضی پھینک دیں۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ