کتنے ہی ایسے افراد ہیں کہ  وہ کچھ بھی کھا لیں انہیں گیس  ہو جاتی  ہے اگر ایسا ہو تو درج ذیل ہدایات پر عمل کرنے سے فائدہ ہو سکتا ہے۔

پیٹ میں گیس یا اپھارہ ہونا  نظام ہضم سے متعلق ایک بیماری ہے۔  اس بیماری کے شکار افراد کچھ بھی کھا لیں انہیں گیس کی شکایت شروع ہوجاتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں ایسے افراد کی تعداد کروڑوں میں ہے جو اس بیماری کا شکار ہے اور یہ مسئلہ کئی بار پیچیدگی بھی اختیار کر لیتا ہے۔

اس مرض سے افاقےکے لیے ہمیں سب سے پہلے جاننا ہوگا کہ اس کی کیا وجوہات ہیں۔ اس کی کئی  وجوہات ہیں لیکن بعض اوقات، کسی مخصوص غذا کے استعمال کی وجہ سے بھی یہ مرض ہو سکتا ہے۔اسی لیے اگر آپ گیس اور اپھارہ محسوس کرتے ہیں تو اپنی غذا پر غور کرنا چاہیے۔

طبی ماہرین کا بتانا ہے کہ اپھارہ زیادہ دیر بیٹھے رہنے، بہت زیاد کھانا کھانے ، بغیر چبائے کھانا کھانے اور مسالوں کے استعمال سے ہوتا ہے لہذا ان سے گریز کر کے اس شکایت سے بچا جا سکتا ہے۔

اللہ تعالٰی  نے کئی بیماریوں کا علاج بھی غذا میں رکھا ہے  جن کے استعمال سے گیس اور اپھارہ کا شکار افراد اس مرض سے نجات حاصل کر سکتے ہیں جب کہ اس کے ساتھ ہی وہ غذائیں بھی بتائیں گے جن کے استعمال سے یہ شکایت مزید بدتر ہو سکتی ہے۔

اس کے شکار افراد  اپنی غذائی چارٹ یا مینیو کو تبدیل کر کے  اس سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔

اپھارہ سے بچاؤ کے لیے  غذائیں:
اس سلسلے میں یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ اپھارے کا تعلق کیونکہ پیٹ اور نظام ہضم سے ہے اس لیے اس میں وہ غذائیں زیادہ مفید ہیں جو جلد ہضم ہو جاتی ہیں۔

کشمش، خشک خوبانی، آلو، پالک،کھیرا، چاول، کیلے، نارنگی، پپیتا، انناس، پروبائیوٹکس کے ساتھ دہی، ادرک،کا لی مرچ، کیمومائل چائے، سونف کے بیج،اور دار چینی، کھانے پینے کی ان اشیا میں شامل ہیں جنہیں آپ اپنی خوراک میں شامل کر کے اس سے نجات پا سکتے ہیں۔

یہ تمام غذائیں زود ہضم ہونے کے ساتھ ان میں ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو آپ کے ہاضمے کو بہتر بنا کر گیس ہونے سے محفوظ رکھتے ہیں۔

اپھارہ کی وجہ بننے والی غذائیں:
سبزیوں میں سے بروکولی اور بند گوبھی ایسی سبزیاں ہیں جو گیس کی وجہ بنتی ہیں کیونکہ ان میں رفائنوز نامی ایک چینی ہوتی ہے جو گیس کا باعث بنتی ہے۔

ایسی غذائیں جن میں کاربوہائیڈریٹ کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے انہیں فوڈ میپ فوڈز کہا جاتا ہے یہ بھی گیس کا سبب بنتی ہیں فوڈ میپ فوڈز غذاؤں میں پھل جیسے خوبانی، چیری اور آڑو، تربوز، چقندر، پیاز، مٹر اورسیب شامل ہیں جب کہ تربوز فریکٹوز کی مقدار زیادہ ہونے کے سبب گیس کا سبب بنتا ہے۔

اسی طرح گلوٹین والی غذائیں جیسا کہ پیاز اور لہسن جب کہ زیادہ نمک والی غذائیں جن سے جسم میں پانی کی مقدار بڑھ سکتی ہے وہ بھی گیس اور اپھارے کا سبب بنتی ہیں۔

غذا میں سے  دالیں  پروٹین کے حصول کا سب سے موثر ذریعہ ہیں لیکن دالیں، سویابین اور مٹر کے ساتھ پھلیاں گیس اور اپھارہ پیدا کرنے والی غذا کے طور پر  معروف ہیں۔