موسم گرما میں جب تپتی دھوپ اور شدید گرمی کا احساس ہوتا ہے، تو اس گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے کافی سارے کام کیے جاتے ہیں ، خصوصا گرمی کے اثرات کو جسم تک پہنچنے سے بچانے کے لیے مشروبات اور رس بھرے پھلوں کا استعمال بھی کیا جاتا ہے ۔ گرمی کی اس شدت میں اگر دیکھا جائے تو آج کل تربوز ایک ایسا پھل ہے جس کو گرمی کا توڑ کہا جاتا ہے ۔تربوز غذائی اجزاء سے  بھرا ہوا  پھل ہے اس کے اندر اینٹی آکسیڈینٹ اور وٹامن اے اور سی بھی کافی مقدار میں پائی جاتی ہیں۔

انسانی جسم کی ہائیڈریشن 

جسم کو پانی کی کمی کا شکار نہ ہونے دینا بہت ضروری ہے اور اس کمی کو پورا کرنے کے عمل کو ہائیڈریٹ کہتے ہین ۔آپ کے جسم کو صحیح طریقے سے کام کرنے کے لیے ہائیڈریٹ رہنا ضروری ہے جسمانی درجہ حرارت کا توازن، خلیات تک غذائی اجزاء کو بہم پہنچانا ، اور چستی چند  جسمانی عمل ہیں جو کہ درست طریقے سے کام کرنے کے لیے مناسب ہائیڈریشن پر انحصار کرتے ہیں،

زیادہ پانی والی غذائیں کھانے سے آپ کے جسم کو وہ پانی ملنے میں مدد مل سکتی ہے جس کی اسے صحیح طریقے سے کام کرنے کی ضرورت ہے تربوز میں 92 فیصد پانی ہوتا ہے جو روزانہ پانی کی مقدار کے لیے بہترین انتخاب ہے

تربوز کا استعمال 

اس کے زیادہ پانی کی وجہ سے اس میں کیلوریز کی کثافت کم ہوتی ہے یا اس میں بہت کم کیلوریز ہوتی ہیں کم کیلوری والے کھانے جیسے تربوز آپ کو زیادہ دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس دلاتے ہوئے وزن کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ تربوز کا استعمال عموما ہم یہی کرتے ہیں کہ اس کو کاٹ کھا لیا جائے اور اس پر کوئی حسب ذائقہ نمک یا چورن وغیرہ ڈال کر کھا لیا جائے ، طبیعت کے مطابق اس کو ٹھنڈا بھی کر لیا جاتا ہے ، بعض لوگ اگر مٹھاس کم ہو تو چینی ڈال لیتے ہیں یا چینی کا پاؤڈر بھی تربوز پر ڈالتے ہیں تاکہ مٹھاس میں کمی کو پورا کیا جاسکے ۔

چکر ،متلی اور تھکاوٹ میں کیا کریں 

گرم موسم میں، بہت سے افراد کو چکر آنا، متلی، تھکاوٹ، بد ہضمی اور گھبراہٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ اس لیے کہ گرمی کے موسم میں جسم سے پسینہ خارج ہوتا ہے، جس کے سبب سے نمکیات، معدنیات اور پانی کی کمی ہوجاتی ہے، اور یہ بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے۔اِس لئے، اِس موسم میں زیادہ سے زیادہ پانی پینا بہترین اور سستا علاج ہے۔

تربوز کا جوس

پھلوں کا تازہ رس، ٹھنڈا میٹھا اور مزیدار مشروبات جو نہ صرف کھوئے ہوئے توانائی کو واپس لاتے ہیں بلکہ صحت کے لئے بھی فائدہ مند ہیں- ترپوز کا جوس بھی اس صورت میں فورا توانائی اور فرحت بخشتا ہے۔ تربوز کو ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور اس کے بیجوں کو الگ کر دیں۔ اسے گرائنڈر میں ڈالیں اور ٹھوڑا سا پانی، کالا نمک اور چینی شامل کریں اور گرائنڈ کرلیں۔

بعد ازاں اس شربت کو گرائنڈر سے نکال کر ململ کے کپڑے سے چھان لیں تاکہ گودا اور شربت الگ ہوجائے۔اس کے بعد ایک گلاس میں برف کے ٹکڑے ڈالیں اور اس پر شربت ڈال دیں، مزید ذائقہ بڑھانے کے لیے اپنے حساب سے لیموں بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔

اگر تو روزہ ہے تو اس گرمی میں افطار کے موقع پر مزیدار تربوز کا شربت خود پیئیں  گھر والوں کو پیش کریں، روزے سے جو نقاہت اور سستی ہوتی ہے وہ بھی اس شربت سے ختم ہو جائے گی اور تازگی اور فرحت کا احساس ہو گا۔