سوال 7557

السلام علیکم و رحمۃ اللہ !
ایک بہنا کا خواب ہے، شادی شدہ ہیں اوت تین بیٹے ہیں ماشاء اللہ
مالی معاملات کے سبب پریشان بھی ہیں،
ان کے اس خواب کی تعبیر بھی بتا دیجئے
وہ لکھتی ہیں:
“میں نے خواب میں دیکھا کہ حرم کے سامنے میرے گھر کا دروازہ ہے یعنی حرم کا اور میرے گھر کا دروازہ آمنے سامنے ہے گلی میں کچھ اوباش لڑکے ہیں جو ہر ایک کو تنگ کرتے ہیں انہوں نے مجھ پر تیزاب پھینکا ہے ۔مگر مجھے اس کی کوئی جلن وغیرہ نہیں ۔جمعہ کے دن میری ساری فیملی میرے بچے اور میری امی خالہ وغیرہ سب حرم میں جمعہ کی نماز پڑھنے کے لیے گئے میں تھوڑی دیر کے بعد میں حرم میں داخل ہو تی ہوں تو دیکھتی ہوں میری امی حرم کے بیرونی صحن حرم کی حدود کے اندر ہی بیٹھی میرا انتظار کر رہی ہیں وہاں جب میں ان سے ملتی ہوں تو میرے تایا کی بیٹیاں بھی آ پہنچتی ہیں ۔ اور وہ وہاں مخصوص لباس میں ۔۔۔جیسے کسی تبلیغی جماعت کے نمائندے کے طور پر آئیں ہوں اور میں ان سے ملاقات کر کے پانی وغیرہ لاتی ہوں لیکن وہ دعوت کو قبول نہیں کرتے ( یاد رہے کہ ہمارا ان کے ساتھ بول چال ختم ہے) میں باہر نکلتی ہوں تو کچھ لوگ جو پمفلٹ تقسیم کر رہے ہوتے ہیں اور وہ پمفلٹ ایک داخلہ فارم کے ہوتے ہیں جس کو پر کرنے کے بعد حرم میں قران کی ترجمہ و تفسیر کی کلاس میں داخلہ ہو جائے گا میں وہ دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں خواب میں ہی بعد میں مجھے معلوم پڑتا ہے کہ میری وہ کزن یہاں اس داخلہ فارم کے لیے ایک جماعت کے توسط سے آئیں تھیں میرے ہاتھ میں وہ داخلہ فارم دیکھ کر انہیں خوشی نہیں ہوتی اور میری انکھ کھل جاتی ہے”
اس خواب کی کیا تعبیر ہے؟

جواب

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ
حقیقت تو اللہ ہی جانتا ہے، لیکن خواب میں دماغی خلفشار، انتشار اور پریشانی واضح ہے۔
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوئی نیکی کا قدم اٹھانا چاہتی ہے، بھلائی کرنا چاہتی ہے، شاید اس سے درہم ہی کرنا چاہتی ہے، اور اللہ کے احکامات پر عمل کرنا چاہتی ہے۔ اسی طرح بیت اللہ کی محبت اور اسلامی شعائر سے محبت بھی آپ کے دل میں موجود ہے۔
اگر عملی زندگی میں انسان بے بس ہو کہ وہ جوڑ پیدا کرنا چاہتا ہے، رشتہ داری کو برقرار رکھنا چاہتا ہے، لیکن شاید یہ ممکن نہیں ہو پا رہا، تو میں سمجھتا ہوں کہ اسی خلفشار، پریشانی اور اضطراب کے باعث یہ خواب آیا ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ