سوال
ہمارے ایک جماعتی ساتھی جو کہ چاولوں کا کاروبار کرتے ہیں، کا سوال ہے کہ ہم چاولوں کو بغیر کسی ملاوٹ کہ بیچتے ہیں، جبکہ ہمارے ارد گرد لوگ چاولوں میں (ٹوٹہ، دھڑا، یا ناقص چاول) ملاوٹ کرتے ہیں۔ہم خالص چاولوں کا جو ریٹ لگاتے ہیں ،اس ریٹ پر لوگ اعتراض کرتےہیں ، کہ آپ کا ریٹ زیادہ ہے۔ جو چیز ملاوٹ کى ساتھ بیچتے ہیں ان کی جلد فروخت بھی ہو جاتی ہے اورمنافع بھی زیادہ حاصل ہوتا ہے۔
ہم دو سال سے پریشان ہیں ، ہماری رہنمائی کر دیں۔ جزاک اللہ خيرا
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
امانت دار تاجر کی حدیث میں بڑی فضیلت آئی ہے۔رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا:
”سچا امانت دار تاجر قیامت کے دن انبیاء، صدیقین، شہدا اور صالحین کے ساتھ ہو گا”۔ [سنن الترمذی:1209،صحيح الترغيب والترهيب:1782]
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک دفعہ ایک اناج کے ڈھیر کے پاس سے گزرے، اور اسے چیک کرنے کے لیے جب اس میں ہاتھ ڈالا تو اس کے اندر نمی اور پانی محسوس ہوا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے مالک کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: ما هذا يا صاحب الطعام؟ یہ کیا ماجرا ہے؟ اس نے عرض کیا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم یہ بارش کی وجہ سے ہوا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
“أفلا جعلته فوق الطعام كي يراه الناس؟ من غشّ فليس مني”. [صحیح مسلم؛146]
’آپ نے اسے اناج کے اوپر والے حصے پر کیوں نہیں رکھا، تاکہ لوگوں کی نظروں میں ہو؟! جو دھوکہ دہی اور ملاوٹ کی کوشش کرتا ہے وہ ہم میں سے نہیں ہے‘۔
لہذا امانت و دیانت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خریدوفروخت کرنا ضروری ہے۔ اگر دوسرے لوگ ملاوٹ کرکے سودا جلدی فروخت کرتے اور منافع زیادہ حاصل کرتے ہیں تو اس سے آپ کے لیے بھی خیانت اور ملاوٹ کرنا جائز نہیں ہو جائے گا۔ لہذا آپ اس کو اللہ تعالی کی طرف سے امتحان اور آزمائش سمجھ کر صبر کریں۔ گھبرانے کی بجائے مستقل مزاجی اور امانت داری کے ساتھ کام کرتے رہیں۔ جب آپ کی شہرت ہوجائے گی کہ یہاں معیاری اور صاف ستھرا بغیر ملاوٹ سودا ملتا ہے، تو لوگوں کا رجحان آپ کی طرف ہو نا شروع ہو جائے گا، اور اللہ تعالی آپ کے کاروبار اور رزق میں برکت فرمائے گا۔ ان شاءاللہ
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ