سوال 7641

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
خلع کی عدت ایک حیض ہے اگر خلع کے پانچ دس دن بعد ہی حیض شروع ہو جائے تو کیا عدت ختم ہو جائے گی یا ایک ماہ انتظار کرنا پڑے گا رہنمائی فرما دیں۔
اور یہ بھی وضاحت فرما دیں کہ عدالت کے ذریعے خلع کا تیسرا نوٹس ملنے کے بعد عدت شروع ہو گی یا پہلے نوٹس پر؟

جواب

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
خلع کی عدت صحیح دلائل کی رو سے ایک حیض ہے۔ اس کا مقصد استبراءِ رحم ہے تاکہ یہ بات واضح ہو جائے کہ رحم خالی ہے اور عورت حاملہ نہیں ہے۔ حیض کا آنا اس بات کی دلیل ہے کہ رحم خالی ہے۔
لہٰذا اگر خلع کے دس دن بعد حیض آ جائے تو عدت ختم ہو جائے گی، اور اگر پانچ دن بعد حیض آ جائے تو بھی عدت ختم ہو جائے گی۔ عدت ایک حیض ہے۔
اب رہا تیسرا نوٹس، تو ہماری معلومات کے مطابق عدالت کا تیسرا یا دوسرا نوٹس نہیں بلکہ عدالت کی طرف سے ڈگری جاری ہونے کے دن سے عدت شروع ہوگی۔
البتہ اس ڈگری کو یونین کونسل میں رجسٹر کروانا پڑتا ہے اور وہاں 90 دن کا قانونی پروسس ہوتا ہے۔ تاہم عدت کا آغاز اسی دن ہوگا جس دن عدالت خلع کی ڈگری جاری کرے گی۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ

سائل: جزاک اللّٰہ خیراً کثیرا مطلب وہ نوے دن کا پروسس پورا کر کے عدت شروع ہو گی؟
جواب: میں نے کہا عدالت جس دن ڈگری سائن کر دے گی کہ آپ کا خلع ہو گیا عدت شروع ہو گئی اس کے بعد اس ڈگری کو یونین کونسل میں رجسٹریشن کروانے کے لیے 90 دن کا پروسیس دیتے ہیں اس کے بعد وہ شادی کر سکتی ہے قانونی طور پر، بات کتنی واضح ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ