سوال 7066
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
شیخ محترم جمعہ کا خطبہ سننا فرض ہے یا صرف نماز؟ یعنی اگر کوئی بندہ خطبہ میں نہیں آتا صرف نماز کے وقت آتا ہے تو اس کا جمعہ ادا ہو جائے گا؟
جواب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
جمعہ کا خطبہ سننا فرض ہے اور اسی اہمیت کی وجہ سے اس کے خاص آداب بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ اگر کوئی شخص جان بوجھ کر مستقل بنیادوں پر خطبہ چھوڑ دیتا ہے اور صرف نماز کے وقت مسجد پہنچتا ہے، تو اسے اپنی اصلاح کی سخت ضرورت ہے۔ جمعہ جیسا مبارک اور بابرکت دن عبادت کے لیے ہوتا ہے اور ایسا رویہ اختیار کرنے والا دراصل بڑی محرومی کا شکار ہے۔
یہاں تک کہ ایسے شخص پر ان احادیث کا اطلاق بھی ہو سکتا ہے جن میں خبردار کیا گیا ہے کہ جو کوئی سستی، کاہلی یا اسے معمولی بات سمجھ کر تین جمعے چھوڑ دیتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے دل پر مہر لگا دیتا ہے، اور یہ مہر نفاق کی علامت ہے۔ جہاں تک نماز کا تعلق ہے، تو جمعہ کی نماز کے لیے بھی یہ شرط ہے کہ کم از کم ایک رکعت امام کے ساتھ مل جائے، ورنہ وہ نماز جمعہ نہیں رہے گی بلکہ اسے ظہر کی چار رکعات ادا کرنی ہوں گی۔
جو لوگ اس معاملے میں لاپرواہ ہیں اور اسے ایک عادت بنا چکے ہیں، انہیں پیار اور سختی دونوں طرح سے سمجھانے کی ضرورت ہے۔ انہیں نصیحت بھی کی جائے اور اللہ کے انعامات کی ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ اس کوتاہی کے نقصانات سے بھی آگاہ کیا جائے۔
فضیلۃ الشیخ عبدالوکیل ناصر حفظہ اللہ




