سوال 7574

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
قابلِ صد احترام شیوخ! میں نے ایک خواب دیکھا ہے، جس کی تعبیر کے لیے آپ سے ملتمس ہوں۔
میرے والد صاحب مجھے اکثر خطبہ جمعہ کے لیے کھڑا کر دیا کرتے تھے۔ میرا ایک چھوٹا پدری بھائی دینی امور میں دلچسپی رکھتا ہے اور الحمدللہ اچھا خطیب ہے۔ اس کے مادری بھائیوں کو اس کی خطابت پر بہت ناز ہے۔ آج کل وہ سب میرے ساتھ برادرانِ یوسف کی طرح ہیں، اللہ پاک انہیں معاف فرمائے۔ ہمارے والد صاحب فوت ہو چکے ہیں۔
میں نے خواب میں دیکھا کہ جمعہ کا دن ہے اور والد گرامی نے مجھے خطبہ جمعہ دینے کا حکم دیا۔ میں نے معذرت کی اور کہا کہ آپ ہی خطبہ ارشاد فرمائیں، مگر وہ جسمانی کمزوری کے باعث نہ مانے۔
اس وقت مسجد میں چند لوگ بیٹھے تھے۔ جب میں خطبے کے لیے کھڑا ہوا تو میرا مذکورہ بھائی میرے دائیں جانب کچھ فاصلے پر کھڑا ہو گیا، مگر خاموش رہا۔ میں نے تقویٰ کے موضوع پر تقریر شروع کی۔ اسی دوران کچھ لڑکے مسجد میں مزید صفیں بچھانے لگے، پھر بہت سے لوگ میری آواز سن کر مسجد میں جمع ہو گئے۔
اسی دوران مجھے یوں لگا جیسے والد محترم بغیر قمیض کے بیٹھے ہیں اور انہوں نے ایک سفید کپڑا کندھوں پر ڈالا ہوا ہے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی۔
براہِ کرم اس خواب کی تعبیر بیان فرمائیں۔
جزاکم اللہ خیراً

جواب

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
حقیقت تو اللہ ہی جانتا ہے، مگر اس خواب میں آپ کے لیے یہ پیغام ہے کہ صبر، تحمل، تقویٰ اور زہد کے راستے کو اختیار کیے رکھیں۔
بھائیوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیں، سلام و کلام تک رہیں اور صبر کے ساتھ زندگی گزاریں۔ صلہ رحمی اختیار کیے رکھیں، قطع رحمی کی طرف نہ جائیں۔ یہی والد صاحب کی چاہت اور یہی والدین کی چاہت ہوتی ہے۔
اور ان شاء اللہ والد صاحب بھی بخیر و خوبی ہیں۔ انہیں سفید کپڑے میں دیکھنا اور نیکی کی طرف رہنمائی کرتے ہوئے دیکھنا بھی اچھی علامت ہے۔
اسی طرح آپ کا خود کو نیکی کی طرف دعوت دیتے ہوئے دیکھنا بھی بھلائی کی ایک طرف اشارہ ہے۔ اس طرف ان شاء اللہ خیر ہی خیر ہے۔
بس آپ کتاب و سنت پر قائم رہیں، صلہ رحمی کا معاملہ جاری رکھیں، قطع رحمی نہ ہو، اور نیکی کی اڑان کو جاری رکھیں۔ ان شاء اللہ یہی آپ کے لیے کارآمد ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ