سوال
عورت حیض کا غسل کرنے کے بعد بھی اگر دوسرے دن داغ لگا ہوا دیکھے تو نمازوں کے بارے میں کیا حکم ہو گا؟ رہنمائی فرما دیجیے!
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
حیض کا غسل کرنے کے بعد دوسرے دن اگر کوئی داغ، دھبہ نظر آئے تو اپنی نمازیں اور عبادات جاری رکھیں، یہ استحاضہ کا خون ہوتا ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ایک عورت کو کثرت سے خون آتا تھا، ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے اس سے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے فتوی پوچھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
“لِتَنْظُرْ عَدَدَ اللَّيَالِي وَالْأَيَّامِ الَّتِي كَانَتْ تَحِيضُ مِنَ الشَّهْرِ قَبْلَ أَنْ يُصِيبَهَا الَّذِي أَصَابَهَا، فَلْتَتْرُكِ الصَّلَاةَ قَدْرَ ذَلِكَ مِنَ الشَّهْرِ، فَإِذَا خَلَّفَتْ ذَلِكَ فَلْتَغْتَسِلْ، ثُمَّ لِتَسْتَثْفِرْ، ثُمَّ لِتُصَلِّي”.[سنن نسائی:209،سنن أبی داؤد: 274]
’’ وہ خاتون مہینہ کے ان دنوں اور راتوں کو شمار کر لے جن میں اسے حیض آیا کرتا تھا، اس بیماری سے پہلے جو اسے لاحق ہوئی ہے، پھر ہر مہینہ اسی کے برابر نماز چھوڑ دے، اور جب یہ دن گزر جائیں تو غسل کرے، پھر لنگوٹ باندھے، پھر نماز پڑھے“۔
اگر کسی عورت کو پہلی مرتبہ استحاضہ کاخون آئے اور اس کے حیض کے ایام مقرر ہیں،مثلاً:اسے ہر ماہ کے شروع یا درمیان میں پانچ یا آٹھ دن حیض آتا ہے تو یہ مقررہ دن اس کے ایام حیض شمار ہوں گے ،ان میں نماز روزہ چھوڑ دے گی، اسی حیض کےدیگر جملہ احکام جاری ساری ہوں گے،جب اس کی عادت اور معمول کے مطابق ایام حیض پورے ہوجائیں گے تو وہ غسل کرکے نماز اداکرےگی اوربقیہ خون”استحاضہ” شمار ہوگا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے فرمایا تھا:
“إِنَّمَا ذَلِكِ عِرْقٌ فَاغْتَسِلِي ثُمَّ صَلِّي”. [صحیح مسلم: 334]
’’یہ ایک رگ ( کا خون ) ہے ۔ تم غسل کرو ، پھر ( حیض کے ایام کے خاتمے پر ) نماز پڑھو ‘‘۔
لہذا اگر آپ حیض کے بعد طہر کی کیفیت سے باخوبی واقف ہیں، کہ طہرآنے کے بعد کیا کیفیت ہوتی ہے۔ اور اس کے بعد آپ نے غسل بھی کر لیا ہے تو بعد میں لگنے والے داغ دھبوں کی کوئی پرواہ نہ کریں۔یہ استحاضہ کا خون ہے، بس آپ حیض کا غسل کرنے کے بعد جب تک یہ کیفیت رہے، تو ہر نماز کے وقت استنجاء اور نیا وضو کرکے نماز پڑھ لیا کریں۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ