سوال
آن لائن بزنس کے بارے میں یہ سوال ہے۔ایک کمپنی ہے جو آن لائن کام کرتی ہے،جب ہم اس میں رقم انویسٹمنٹ کرتے ہیں تو سب سے پہلا کام ان کا یہ ہوتا ہے کہ وہ اس رقم کو ڈالر میں کنورٹ کرتے ہیں۔ پھر وہ آپکی اس رقم سے گولڈ وغیرہ کوئی چیز خرید کر کاروبار کرتے ہیں۔ پھر ان کو جو فائدہ ہوتا ہے تو اس میں کچھ فیصد وہ خود رکھتے ہیں اور باقی جو انویسٹر ہوتا ہے وہ اس کو دیتے ہیں۔پوچھنا یہ ہے جو ہم آن لائن کام کرتے ہیں یہ اسلام کی رو سے جائز ہے یا ناجائز ہے؟
جواب
الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!ۤ
آن لائن مختلف قسم کے کاروبار ہورہے ہیں، جن میں کچھ جائز ہیں، اور کئی ایک ناجائز بھی ہیں۔ اگر کاروبار درست اور جائز طریقے سے ہو، تو اس میں کوئی حرج نہیں، چاہے وہ آف لائن ہو یا آن لائن۔
سوال میں کاروبار کی جو صورت بتائی گئی ہے کہ ایک آدمی انویسٹمنٹ کرتا ہے اور دوسرا کاروبار کرتاہے، اسکو مضاربت (شراکت داری) کہتے ہیں۔ اور اس کے لیے چار اصول ہیں:
نمبر1:جو پیسہ انویسٹ کیا ہے، وہ حلال کا ہونا چاہیے۔
نمبر2:جس کو آپ نے پیسہ دیا ہے، آپ کو یقین ہونا چاہیے کہ وہ حلال کے کام میں استعمال کر رہا ہے۔
نمبر3: فریقین کے پرافٹ کی شرح طے ہونی چاہیے۔مثال کے طور پر 50/50ہے یا اس سے کم و بیش۔
نمبر4: فریقین نفع اور نقصان ہر دو میں طے کردہ شرح فیصد کے مطابق شریک ہوں۔
مضاربت کے صحیح ہونے کے لیے یہ چار بنیادی اصول ہیں۔
صورتِ مسؤلہ میں نہ تو نفع و نقصان کی شرح طے ہے، اور نہ ہی اصول نمبر چار کی رو سے نفع و نقصان ہر دو میں شرکت کی کوئی وضاحت ہے۔ اسی طرح بیان کردہ تفصیلات میں کاروبار کی نوعیت بھی مبہم ہے۔
لہذا ہم علی وجہ البصیرت کہتے ہیں ایسا کاروبار ناجائز اور حرام ہے۔
آپ نے سوال میں جس کمپنی کا ذکر کیا ہے، اس قسم کے لوگ کوئی کاروبار وغیرہ نہیں کرتے، بلکہ پیسے بینک میں رکھ دیتے ہیں۔ اور بینک جو سود دیتا ہے اس میں سے کچھ اپنے پاس رکھ لیتے ہیں اور کچھ آپ کو دےدیتے ہیں، جو کہ نا جائز ہے۔ لہذا اس کاروبار کو چھوڑئیے اور آن لائن کاروبار کے اور بھی بڑے جائزمواقع ہیں، ان میں شرکت کیجیے۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ