سوال

آج کل آن لائن ٹریڈنگ کا سلسلہ عام ہے، اس میں ہم نے پانچ سو ڈالر یا یورو وغیرہ رکھنے ہوتےہیں، جب ان کی قیمت بڑھتی ہے، تو اسے نکال لیا جاتا ہے، بعض دفعہ اس میں نقصان بھی ہو جاتا ہے۔ کیا یہ کام کرنا جائز ہے یا نہیں؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

آپ اپنی کرنسی سے یورو ،ڈالر، پاؤنڈ، دینار، ریال جو مرضی کرنسی خرید لیں اور ان کو اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرکے اپنی ملکیت اور قبضے میں کر لیں اور جب ریٹ زیادہ ہو تو ان کو بیچ دیں، تو یہ جائز ہے اس میں کوئی حرج نہیں۔ لیکن اگر آپ  پیسے کسی اور کو جمع کروائیں کہ میں اتنے پیسے آپ کو دے دیتا ہوں، میرے کھاتے میں اتنے ڈالر یا پاؤنڈ یا یور وغیرہ رکھ دیں، جب مہنگا ہو جائے تو آپ اس کو بیچ دیں،  یہ ناجائز ہےکیونکہ خرید و فروخت  میں ملکیت اور قبضے میں کرنا ضروری ہے ۔

یہ تو ہے کرنسی کی خرید و فروخت کے حوالے سے۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ آن لان ٹریڈنگ میں سونے (گولڈ) ، تیل اور دیگر اشیاء کی تجارت ہوتی ہے، جس میں ہم بروکر کے ذریعے رقم invest کرتے ہیں، جس طرح شیئر مارکیٹ (اسٹاک ایکسچینج) میں مارکیٹ اوپر اور نیچے جاتی ہے اُسی طرح اس میں بھی ہوتا ہے۔

اس کا حکم بھی وہی پہلے والا ہے۔

یعنی اگر یہ تجارت ہو، تو اس کی صورت یہ ہونی چاہیے کہ آپ سونا تیل وغیرہ تجارتی اشیاء خود خریدیں اور بیچیں۔ تجارت کی ایک دوسرے شکل مشارکت بھی ہوتی ہے، اس میں یہ ہوتا ہے کہ آپ اپنا پیسہ کسی کو دے دیتے ہیں، تو وہ آپ کی طرف سے تجارت کرتا ہے، لیکن اس کا اصول یہ ہوتا ہے کہ انسان نفع اور نقصان ہر دو چیزوں کا ذمہ دار ہوتا ہے ۔

اس آن لائن ٹریڈنگ میں یہ دونوں صورتیں نہیں ہوتیں ہیں ۔ گویا یہ تجارت نہیں بلکہ یہ تجارت کا ایک حلیہ ہوتا ہے۔

اسی طرح اس  کا تعلق چونکہ اسٹاک مارکیٹ کے ساتھ بھی ہوتا ہے، وہ بھی ناجائز ہے۔

خلاصہ یہ ہے کہ شرعی اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے آن لائن یا آف لائن ٹریڈنگ کرنے میں کوئی حرج نہیں، لیکن اس وقت مارکیٹ میں اس کے جتنے بھی سسٹم رائج ہیں، وہ شرعی اصولوں کے مطابق نہیں ہیں، لہذا ایسے کاروبار کرنا درست نہیں ہے۔

مزید پڑھین:سودی بینک کو سروسز مہیا کرنا؟

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  محمد إدریس اثری حفظہ اللہ