سوال
ایک جوڑے کا نکاح ہوگیا ہے، لیکن ابھی تک رخصتی نہیں ہوئی تھی، کہ شوہر نے فون وغیرہ پر بات کرتے ہوئے ہی، عورت کو تین بار طلاق دے دی ہے۔کیا ان کا دوبارہ رجوع ہوسکتا ہے یا نہیں؟ اور عورت عدت گزارے گی یا نہیں؟
جواب
الحمدلله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
نکاح کے بعد رخصتی یعنی خلوت سے پہلے طلاق دے دی جائے، تو وہ ایک طلاق ہی کافی ہوتی ہے، جس سے میاں بیوی میں جدائی ہوجاتی ہے، اور رجوع کا اختیار بھی نہیں رہتا۔ کیونکہ رجوع تو عدت کے اندر اندر ہوتا ہے، جبکہ یہاں سرے سے عدت موجود ہی نہیں۔ارشادِ باری تعالی ہے:
{يَاأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا نَكَحْتُمُ الْمُؤْمِنَاتِ ثُمَّ طَلَّقْتُمُوهُنَّ مِنْ قَبْلِ أَنْ تَمَسُّوهُنَّ فَمَا لَكُمْ عَلَيْهِنَّ مِنْ عِدَّةٍ تَعْتَدُّونَهَا} [الأحزاب: 49]
’اے ایمان والو! اگر تم مومن عورتوں سے نکاح کرو، اور پھر انہیں چھونے سے پہلے ہی طلاق دے دو، تو ان پر کوئی عدت گزارنا ضروری نہیں ہے‘۔
امام ابن قدامہ فرماتے ہیں:
“أَجْمَعَ أَهْلُ الْعِلْمِ عَلَى أَنَّ غَيْرَ الْمَدْخُولِ بِهَا تَبِينُ بِطَلْقَةٍ وَاحِدَةٍ وَلَا يَسْتَحِقُّ مُطَلِّقُهَا رَجْعَتَهَا؛ وَذَلِكَ لِأَنَّ الرَّجْعَةَ إنَّمَا تَكُونُ فِي الْعِدَّةِ وَلَا عِدَّةَ قَبْلَ الدُّخُولِ”. [المغني:7/515]
’تمام اہل علم کا اس بات پر اتفاق ہے کہ رخصتی سے پہلے طلاق یافتہ عورت ایک ہی طلاق سے اپنے شوہر سے جدا ہوجاتی ہے، اور شوہر دوبارہ اس سے رجوع کا حق بھی نہیں رکھتا، کیونکہ رجوع تو عدت میں ہوتا ہے، جبکہ رخصتی سے قبل دی گئی طلا ق کی کوئی عدت نہیں ہوتی‘۔
امام ابنِ کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
“هَذَا أَمْرٌ مُجْمَعٌ عَلَيْهِ بَيْنَ الْعُلَمَاءِ: أَنَّ الْمَرْأَةَ إِذَا طُلِّقَتْ قَبْلَ الدُّخُولِ بِهَا لَا عِدَّةَ عَلَيْهَا فَتَذْهَبُ فَتَتَزَوَّجُ فِي فَوْرِهَا مَنْ شَاءَتْ…”.[ تفسير ابن كثير :6/ 441]
’اس بات پر تمام علما کا اتفاق ہے کہ اگر عورت کو رخصتی سے پہلے ہی طلاق دے دی جائے، تو اس پر کوئی عدت نہیں ہے، وہ طلاق کے فورا بعد چاہے، تو آگے نکاح کرسکتی ہے‘۔
صورتِ مسؤلہ میں رجوع کی ایک ہی صورت ہے، کہ دونوں کا تمام شرائط و ضوابط کا خیال رکھتے ہوئے، نئے سرے سے نکاح کروا دیا جائے۔
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ حافظ عبد الرؤف سندھو حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ محمد إدریس اثری حفظہ اللہ