سوال

لجنۃ العلماء للإفتاء کے مشایخ کرام سے استفتاء

محترم مشايخ ہمارے سندھ میں ایک شخص بنام مانجھی فقیر  جو اپنے آپ کو صوفی کہلاتا ہے اور اس نے باقاعدہ ایک سلسلہ مانجھائی جماعت کے نام سے بنا رکھا ہے، اس کے مریدین اسی نسبت سے مانجھائی فقیر کہلواتے ہیں۔ الغرض وہ سندھ میں بہت شہرت پا چکا ہے۔ اس کا عقیدہ ہے کہ “میں نظر نہ آنے والے رب کو نہیں مانتا” جس کا اظہار اس  نے حال ہی میں سندھی زبان میں ایک نظم پڑھتے ہوئے  اس طرح کیا ہے:

مانجهي مون محبوب پنهنجي کي صفا ويجهو ڏٺو

باقي اڻ ڏٺي الله کي اسين نٿا مڃون نٿا مڃون

“مانجھی” میں نے تو اپنے محبوب کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ باقی جس کو ہم نے دیکھا ہی نہیں ایسے اللہ کو ہم نہیں مانتے، ہم نہیں مانتے۔

لنک:

https://www.facebook.com/reel/595555469278290?s=chYV2B&fs=e&mibextid=vz44VO

نیز اس کے علاوہ بھی اپنے کلام میں شعائر اسلام کا انکار کرتے ہوئے ان کا مذاق اڑاتا ہے۔

مشايخ گرامی ایسے شخص کے متعلق شریعت کیا کہتی ہے؟ قرآن وسنت کی روشنی میں واضح فرمائیں تاکہ لوگ گمراہ ہونے سے بچ جائیں۔

سائل:

محمد سلیمان جمالی

نواب شاہ ، سندھ

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

اللہ رب العالمین کی ذات پر ایمان لانا یہ اسلام و ایمان کا پہلا رکن ہے، اس کے بغیر کوئی بھی شخص مومن نہیں ہو سکتا۔

مذكوره شخص کی نقل کردہ گفتگو میں ذات باری تعالی کا انکار  ہے جو کہ واضح کفر و الحاد ہے ۔

کیونکہ یہ کہنا کہ ’ہم  نے جس اللہ کو دیکھا نہیں، ہم اسے نہیں مانتے‘ اس میں دو احتمال ہیں:

1۔ اللہ کی ذات چونکہ نظر نہیں آتی، لہذا جو نظر نہ آئے، وہ موجود ہی نہیں، لہذا اللہ رب العالمین موجود نہیں۔ تو یہ ملحدین کا عقیدہ و نظریہ ہے، جو صریح کفر و الحاد ہے۔

2۔ جو کچھ بھی نظر آرہا ہے، یہ سب اللہ ہی اللہ ہے، لہذا جو لوگ کہتے ہیں کہ اللہ نظر نہیں آتا، گویا ان کا اللہ ہے ہی نہیں، یہ عقیدہ بھی کفریہ ہے، کیونکہ اس میں نظر نہ آنے والے حقیقی خالق کا انکار کر کے نظر آنے والی مخلوقات کو اپنا رب تسلیم کرلیا گیا ہے۔

لہذا مذکورہ شخص کو سمجھایا جائے تاکہ وہ  اپنے اس کفریہ اور ملحدانہ  نظریے سے توبہ و استغفار کرے اور اگروہ مصر رہتا ہے، تو متعلقہ اداروں کو اطلاع کی جائے، تاکہ  شریعت و قانون کے مطابق اس  کا بندوبست کیا جائے اور خلقِ خدا اس کے شر سے محفوظ رہے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  محمد إدریس اثری حفظہ اللہ