سوال

تمباکو کی کاشت حلال ہے یا حرام؟ تمباکو سے ایک تو نشہ آور اشیاء بنائی جاتی ہیں، جبکہ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ تمباکو گندم کے بالمقابل کاشت کیا جاتا ہے، جس سے گندم کی پیداوار میں کمی آتی ہے اور آٹے کا بحران پیدا ہوتا ہے۔

ان سب چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمباکو کی کاشت کی حلت و حرمت پر رہنمائی فرمادیں!

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

شریعت  نے نقصان دہ، نشہ آور اور خبیث چیزوں سے منع فرمایا ہے۔ ارشاد باری تعالی ہے:

وَيُحِلُّ لَهُمُ ٱلطَّيِّبَٰتِ وَيُحَرِّمُ عَلَيۡهِمُ ٱلۡخَبَٰٓئِثَ [الأعراف: 157]

’اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم   ان کے لیے پاکیزہ چیزوں کو حلال اور خبیث چیزوں کو حرام قرار دیتا ہے‘۔

اسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا  ارشاد ہے:

كُلُّ مُسْكِرٍ حَرَامٌ”. [صحيح البخاري:4343، صحيح مسلم:2002]

’ہر نشہ آور چیز حرام ہے‘۔

مزید فرمایا:

“إِنَّ اللَّهَ إِذَا حَرَّمَ عَلَى قَوْمٍ أَكْلَ شَيْءٍ حَرَّمَ عَلَيْهِمْ ثَمَنَهُ”. [سنن أبي داود:3488]

’ بلاشبہ اللہ تعالیٰ جب کسی قوم پر کسی چیز کا کھانا حرام کر دیتا ہے، تو اس کی قیمت بھی حرام کر دیتا ہے ‘۔

تمباکو میں یہ تمام خامیاں پائی جاتی ہیں، کیونکہ یہ ایک نقصان دہ “نشہ آور” بدبودار اور خبیث فصل ہے۔ وزارت صحت پاکستان نے اسے جان لیوا ذکر کیا ہے اور اس کے استعمال کو خود کشی کے مترادف قرار دیا ہے اور بتایا ہے کہ یہ پھیپھڑوں، منہ وغیرہ کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے اور کینسر کا سبب بنتا ہے، اسی طرح ذہنی صحت پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ صحت کے عالمی اداروں کے مطابق بھی تمباکو نوشی پوری دنیا میں بیماریوں کا ایک بنیادی سبب ہے۔ سعودی علمائے کرام کا بھی یہی موقف ہے کہ یہ حرام و خبیث، انتہائی مضرِ صحت  اور  کئی ایک بیماریوں کا سبب ہے۔ [فتاوى اللجنة الدائمة – المجموعة الأولى 22/ 186]

لہذا تمباکو کی کاشت،استعمال اور خرید و فروخت وغیرہ سب امور حرام ہیں۔ اس کی بجائے وہ فصلیں کاشت کی جائیں جو جائز، حلال اور معاشرے کے لیے نفع مند ہیں۔ اگر کوئی خود استعمال نہیں بھی کرتا، لیکن کاشت کر کے اور خرید و فروخت کر کے دوسروں کو مہیا کرتا ہے تو یہ بھی گناہ میں تعاون کی ایک صورت ہے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرم

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  محمد إدریس اثری حفظہ اللہ