پھلوں کا بادشاہ:

سردیوں میں پھلوں پر حکمرانی کرنے والا پھل بازار میں آ گیا ہے، لہذا اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

سردیوں کے موسم میں اللہ تعالیٰ نے اپنی نعمتوں میں سے جو اہم چیزیں پیدا کی ہیں، ان میں کینو ایک نہایت ہی مفید اور لذیذ نعمت ہے۔ سٹرس فوڈ میں یہ ایک منفرد اور خوشگوار ذائقہ رکھتا ہے۔ اس سیزن میں پاکستان میں تو اس پھل کی گویا اجارہ داری ہوتی ہے۔

جی ہاں! یہ حقیقت ہے کہ کینو سردی کے موسم میں رنگ بھر دیتا ہے اور موسم سرما کے پھلوں پر حکمرانی کرتا دکھائی دیتا ہے۔ یہ امتیاز اس کو جچتا بھی ہے۔

فوائد سے بھرپور:

یہ ہمارے جسم کو شکر فراہم کرتا ہے، اس سے ہمیں پوٹاشیم، کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین حاصل ہوتے ہیں۔ اس کے خزانوں میں آٸرن، کیلشیم، وٹامن بی اور فاٸبر بھی پایا جاتا ہے۔ شاہی تاج کا جگمگاتا کوہ نور اور دفاعی نظام کا ایک اہم کمانڈر وٹامن سی کہلاتاھے۔

مدافعاتی نظام کو مضبوط کرتا ہے:

ہیلتھ لائن کے مطابق ​وٹامن سی مدافعتی نظام مضبوط بنانے میں مدد کرتا ہے۔ ​ہماری عمر کے ساتھ ہماری یاداشت اور سوچ کی حفاظت کرتا ہے۔​دائمی بیماریوں کی روک تھام، ہائی بلڈ پریشر کو منظم، دل کی بیماری اور گھنٹیا کے خطرے کو کم، آئرن کی کمی کو دور،اور خون میں یورک ایسڈ کی سطح کو گرانے میں مدد کرسکتا ہے۔

بڑھتی عمر کے اثرات کی روک تھام:

مایو کلینک (mayo clinic)کے مطابق:”وٹامن سی ایک اینٹی آکسیڈنٹ (antioxidant) ہے۔ جو ہمارے خلیات(cells) کو فری ریڈیکلز (free radicals) کے اثرات سے بچانے میں مدد کرتا ہے۔ تمباکو کے دھویں، سورج اور ایکسرے یا دیگر ذرائع سے ہونے والی تابکاری سے پیدا ہونے والے فری ریڈیکلز دل کی بیماری کینسر اور دیگر بیماریوں میں کردار ادا کر سکتے ہیں”۔

فری ریڈیکلز میٹابولزم (metabolism) کو متاثر کرتے ہیں،انفلیمیشن(inflammation) یونی سوزش کا سبب بنتے ہیں، خون کے سفید ذرات (white cells) کو نقصان پہنچاتے ہیں اور ڈی این اے کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

اینٹی آکسیڈنٹ ان تمام نقصانات سے ہمارے جسم کو بچاتے ہیں اور ہماری جلد کو بھی فری ریڈیکلز اور ماحولیاتی آلودگی سے ہونے والے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اینٹی آکسیڈنٹ جلد کی دیکھ بھال کے لئے استعمال ہونے والی مصنوعات کے فارمولوں میں بھی پائے جاتے ہیں، کیونکہ ان کے طاقتور اینٹی ایجنگ (antiaging) فوائد ہیں۔

سب کی رسائی میں:

کینو بادشاہ اپنی فیملی کے ساتھ میدان میں آچکے ہیں۔ پھر کیوں نہ ان کے خزانوں سے فائدہ اٹھانے کو تیار ہو جائیں۔ اس سیزن میں یہ اس قدر فراوانی کے ساتھ ہوتے ہیں کہ ایک کم آمدنی والا شخص بھی اس کو حاصل کرسکتا ہے۔ اللہ ہمارے لیے اپنے رزق کے دروازے کھول دے، ہمیں پھلوں اور دیگر نعمتوں سے رزق دے، اور اپنی عافیت کا سایہ ہم پر دراز رکھے۔ آمین یا رب