ذیابیطس یا شوگر ٹائپ ٹو کو ختم کیا جا سکتا ہے؟ جی ہاں ایک طویل تحقیق نے ثابت کر دیا ہے کہ ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ (یعنی جس غذا میں کاربوہائیدریٹ غذائی عنصر کم ہو) پر مشتمل غذائیں کھانے سے ایسا ممکن ہے۔
’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ کیا ہے ؟
’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ سے مراد ایسی غذائیں ہیں، جن میں شکر یعنی مٹھاس، چکنائی اور نشاستہ انتہائی کم مقدار میں پایا جاتا ہے۔ غذائیں عام طور پر ہری سبزیوں، پھلوں، خشک میوہ جات وغیرہ میں بھی لو کاربوہائیڈریٹ پایاجاتا ہے۔ یہ غذائیں وزن کم کرنے کے لیے بھی مفید ہیں۔
کیا اس کے منفی نتائج بھی ہیں؟
اس کے ساتھ ساتھ ایسی غذاؤں کے استعمال سے چند منفی نتائج بھی ہوتے ہیں، جس کی وجہ یہ ہے کہ لو کاربوہائیڈریٹ غذاؤں میں پروٹین کی کمی ہوتی ہے، اس لیے اپنی مرضی سے ایسی غذائیں استعمال کرنے والے افراد میں کمزوری اور دیگر مسائل بھی ہوسکتے ہیں۔
دیگر بیماریوں میں افاقہ
اس تحقیق سے مزید معلوم ہوا کہ ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذائیں کھانے سے جہاں وزن میں نمایاں کمی ہوئی، وہیں ایسی غذائیں استعمال کرنے والے افراد میں دل اور جگر کے امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات بھی کم ہوگئے۔
طبی سائنس پر مبنی میگزین ’بی ایم جے‘ نے ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذاؤں کے ذیابیطس پر اثرات کے متعلق یہ تحقیق کنڈکٹ کی۔ برطانوی ماہرین نے 2013 سے 2021 تک 9 ہزار 800 افراد پر تحقیق کی اس تحقیق میں 186 ایسے رضاکار بھی شامل ہوئے، جنہیں ذیابیطس یعنی ٹائپ ٹو تھی۔ مذکورہ 186 رضاکار ذیابیطس کے مریض تھے اور ماہرین نے انہیں ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذائیں استعمال کرنے کی ہدایت کی اور ہر تین ماہ بعد ان کا فالو اپ چیک اپ کیا گیا۔
کیا حیرت انگیز تبدیلی رونما ہوئی؟
اس تحقیق میں ماہرین نے ذیابیطس اور ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ کے تعلق پر فوکس کیا اور معلوم ہوا کہ سب سے زیادہ فائدہ ذیابطیس کے مریضوں کو ہوا۔
اس کے علاوہ یہ بھی انکشاف ہوا کہ جن شوگر کے مریضوں نے ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذاؤں کا مکمل استعمال کیا، ان کے وزن میں نمایاں کمی ہوئی اور محض ایک سال میں ان کا مرض بھی غائب ہوگیا۔
شوگر کی علامات جاتی رہیں
ماہرین کے مطابق ایک سال تک ’Low Carbohydrate‘ غذائیں کھانے والے 97 فیصد افراد میں ذیابیطس کی علامات ختم ہوگئیں۔
ماہرین نے بتایا کہ ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذائیں استعمال کرنے والے ذیابیطس کے مریضوں کے وزن میں اوسطا 10 کلو وزن کی کمی ہوئی، جس سے ان کے خون میں شگر لیول نارمل سطح پر آگیا اور ان کی بیماری غائب ہوگئی۔
یوں مجموعی طور پر 9 ہزار 800 رضاکاروں کے نتائج سے معلوم ہوا کہ ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذاؤں کے ایک سال کے استعمال سے ذیابیطس کو انتہائی کم کیا جا سکتا ہے۔
چند ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذائیں
چند ’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ غذائیں یہ ہیں: ناریل، زیتون اور سرسوں کا تیل، سیب، بلیو بیری، اسٹرابیری، گریپ فروٹ، لیموں، کینوں ، پتوں پر مشتمل ہری سبزیاں، گوبی، بینگن، ٹماٹر، پیاز، مچھلی، انڈے، گردی دار میوے، خشک میوہ جات سے بنا مکھن وغیرہ۔