مولانا اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کے قلم سے: برصغیر کی نامور شخصیات

قسط دوم: تصنیفی و علمی خدمات

مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ صرف مؤرخ اور سوانح نگار ہی نہیں تھے بلکہ وہ ایک صاحبِ مطالعہ، صاحبِ قلم اور علم دوست محقق تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ کتابوں، اہلِ علم کی صحبتوں اور علمی و تاریخی مواد کو محفوظ کرنے میں صرف کیا۔ ان کا قلم جس شخصیت کو موضوع بناتا، اس کے حالاتِ زندگی کے ساتھ اس کے علمی ماحول، خدمات اور عہد کے حالات کو بھی سامنے لے آتا۔ان کی تصنیفی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ فقہ، حدیث، تاریخ، سوانح، تراجم، اہلِ حدیث کی علمی جدوجہد، برصغیر کے دینی و علمی حالات اور مختلف اہلِ علم و فضل کی شخصیات ان سب موضوعات پر ان کی تحریری کاوشیں ملتی ہیں۔ ان کا ایک نمایاں وصف یہ بھی ہے کہ انہوں نے اپنے عہد کے بہت سے ایسے اہلِ علم کے حالات قلم بند کیے جن کی علمی خدمات اگر بروقت محفوظ نہ کی جاتیں تو ان کے بہت سے احوال اور علمی یادیں تاریخ کے صفحات سے اوجھل ہو سکتی تھیں۔
میرے علم میں مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی جو نمایاں کتابیں، تراجم اور علمی کام آئے ہیں، ان میں درج ذیل قابلِ ذکر ہیں:
📚فقہ، تاریخ اور اسلامیات
1۔ فقہائے ہند
برصغیر کے فقہاء، ان کے علمی حالات اور فقہی خدمات پر مشتمل وسیع اور اہم سلسلہ، جو متعدد جلدوں میں شائع ہوا۔

2۔ برصغیر پاک و ہند میں علمِ فقہ
برصغیر میں فقہی روایت، اس کے ارتقا اور اہلِ علم کی فقہی خدمات کا تاریخی جائزہ۔

3۔ برصغیر میں اسلام کے اولین نقوش
برصغیر میں اسلام کی ابتدائی آمد اور اس کے اولین دینی و علمی نقوش سے متعلق اہم تاریخی کاوش۔

4۔ چہرہ نبوت قرآن کے آئینے میں
قرآن مجید کی روشنی میں سیرتِ نبوی ﷺ کے مختلف پہلوؤں کا بیان اس کتاب کی تکمیل میں مولانا اسحاق بھٹی رحمہ اللہ نے نمایاں حصہ لیا۔

5۔ پہلی مسجد
برصغیر میں اسلام اور مساجد کی ابتدائی تاریخ سے متعلق ایک تاریخی کاوش۔

6۔ لسان القرآن
قرآن فہمی اور لسانی مباحث سے متعلق علمی کام اس سلسلے کی پہلی دو جلدوں کے بعد تیسری جلد کی تکمیل مولانا اسحاق بھٹی رحمہ اللہ نے کی۔

📚اہلِ حدیث کی تاریخ اور علمی خدمات
7۔ برصغیر کے اہلِ حدیث خدامِ قرآن
برصغیر میں قرآن مجید کی خدمت کرنے والے اہلِ حدیث علماء اور ان کی قرآنی خدمات کا تذکرہ۔

8۔ برصغیر میں اہلِ حدیث کی آمد
برصغیر میں اہلِ حدیث فکر و مسلک کی آمد اور اس کے ابتدائی تاریخی پس منظر کا بیان۔

9۔ برصغیر میں اہلِ حدیث کی اولیات
اہلِ حدیث علماء کی مختلف علمی، دینی، تصنیفی اور دعوتی میدانوں میں اولین خدمات کا تحقیقی جائزہ۔

10۔ برصغیر میں اہلِ حدیث کی سرگزشت
برصغیر میں اہلِ حدیث کی علمی، دعوتی اور تاریخی جدوجہد کا تذکرہ۔

11۔ قافلہ حدیث
اہلِ حدیث علماء اور محدثین کے حالات و خدمات پر مشتمل سوانحی مجموعہ۔

12۔ کاروانِ سلف
اکابر اہلِ حدیث اور سلفی علماء کے حالات و علمی خدمات کے تذکرے۔

13۔ دبستانِ حدیث
برصغیر کے محدثین اور اہلِ حدیث علماء کے علمی کارناموں اور حدیثی خدمات کا تذکرہ۔

14۔ گلستانِ حدیث
اہلِ حدیث علماء اور محدثین کے حالات و خدمات پر مشتمل سوانحی مجموعہ۔

15۔ چمنستانِ حدیث
حدیث اور اہلِ حدیث سے وابستہ متعدد اہلِ علم کے حالات و خدمات کا مجموعہ۔

16۔ ارمغانِ حدیث
منتخب احادیث، ان کے تراجم اور توضیحات پر مشتمل علمی کاوش۔

📚شخصیات اور علمی خاندان
17۔ مولانا ابوالکلام آزاد: ایک نابغہ روزگار شخصیت
مولانا ابوالکلام آزاد رحمہ اللہ کی شخصیت، علمی مقام اور فکری و ادبی خدمات کا تعارف۔

18۔ نقوشِ عظمتِ رفتہ
برصغیر کے نامور اہلِ علم اور دینی شخصیات کے سوانحی خاکوں کا معروف مجموعہ۔

19۔ بزمِ ارجمنداں
اہلِ علم و فضل اور نامور شخصیات کے حالات پر مشتمل سوانحی مجموعہ۔

20۔ قصوری خاندان
قصور کے علمی و دینی خانوادے اور اس سے وابستہ اہم شخصیات کا تاریخی و سوانحی تذکرہ۔

21۔ میاں فضل حق اور ان کی خدمات
میاں فضل حق کی شخصیت، علمی جدوجہد اور دینی خدمات کا تذکرہ۔

22۔ تذکرہ قاضی محمد سلیمان منصورپوری
قاضی محمد سلیمان منصورپوری رحمہ اللہ کی زندگی اور علمی و سیرتی خدمات کا بیان۔

23۔ صوفی محمد عبداللہ
صوفی محمد عبداللہ رحمہ اللہ کی شخصیت اور دینی و علمی خدمات کا تذکرہ۔

24۔ میاں عبدالعزیز مالواڈہ
میاں عبدالعزیز مالواڈہ رحمہ اللہ کے حالاتِ زندگی اور دینی خدمات کا سوانحی تذکرہ۔

25۔ تذکرہ مولانا غلام رسول قلعوی
مولانا غلام رسول قلعوی رحمہ اللہ کی زندگی، دعوتی جدوجہد اور علمی مقام کا تذکرہ۔

26۔ روپڑی علمائے حدیث
روپڑی خاندان اور اس سے وابستہ محدثین و علماء کی علمی خدمات کا تاریخی تذکرہ۔

27۔ تذکرہ مولانا محی الدین لکھوی
مولانا محی الدین لکھوی رحمہ اللہ کی شخصیت اور علمی و دینی خدمات کا بیان۔

28۔ مولانا احمد دین گکھڑوی
مولانا احمد دین گکھڑوی رحمہ اللہ کے حالات، علمی مقام اور دینی خدمات کا سوانحی تذکرہ۔

📚دیگر سوانحی و تاریخی تصانیف
29۔ ہفت اقلیم
مختلف علاقوں اور علمی مراکز سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کے حالات کا سوانحی مجموعہ۔

30۔ محفلِ دانش منداں
اہلِ علم اور نامور شخصیات کے علمی و سوانحی تذکروں کا مجموعہ۔

31۔ بوستانِ حدیث
اہلِ حدیث علماء اور محدثین کے حالات و خدمات سے متعلق سوانحی مجموعہ۔

32۔ بزمِ خردمنداں
علمی و فکری شخصیات کے تذکروں سے متعلق تصنیفی کام۔

33۔ ارمغانِ حنیف
مولانا محمد حنیف ندوی رحمہ اللہ کی علمی شخصیت اور خدمات سے متعلق مضامین کا مرتبہ مجموعہ۔

34۔ گزر گئی گزران
مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی خودنوشت، جس میں ان کی زندگی، علمی سفر اور مختلف ادوار کی یادیں محفوظ ہیں۔

35۔ اسلام کی بیٹیاں
اسلامی تاریخ اور دینی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کرنے والی خواتین کے حالات و خدمات کا تذکرہ۔

36۔ استقبالیہ و صدارتی خطبات
مختلف علمی و دینی اجتماعات میں پیش کیے گئے استقبالیہ و صدارتی خطبات کا مجموعہ۔

📚تراجم اور دیگر علمی خدمات
37۔ الفہرست
ابن ندیم کی معروف عربی کتاب ’’الفہرست‘‘ کا اردو ترجمہ۔

38۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ
محمد حسین ہیکل کی عربی تصنیف کا اردو ترجمہ۔

39۔ ریاض الصالحین
امام نووی رحمہ اللہ کی معروف کتاب کا اردو ترجمہ، حواشی و توضیحات کے ساتھ، دو جلدوں میں۔

40۔ لشکرِ اسامہ کی روانگی
ڈاکٹر فضل الٰہی کی عربی کتاب کا اردو ترجمہ۔

مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی تصنیفی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا قلم کسی ایک موضوع یا ایک طبقے تک محدود نہیں تھا۔ انہوں نے فقہ، حدیث، تاریخ، سوانح اور تراجم کے میدان میں مختلف نوعیت کا علمی سرمایہ چھوڑا۔ بالخصوص اہلِ علم اور دینی شخصیات کے حالات کو محفوظ کرنے میں ان کی خدمات نمایاں ہیں۔
انہیں اس قسط میں حتی المقدور ترتیب کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ مکمل کتابیات کا دعویٰ نہیں، بلکہ ان کی معروف نمایاں تصانیف، تراجم اور علمی خدمات کا ایک تعارفی انتخاب ہے۔ ان کے مقالات، مضامین، مقدمات اور دیگر تحریری کام اس کے علاوہ ہیں۔

اللہ تعالیٰ مولانا محمد اسحاق بھٹی رحمہ اللہ کی مغفرت فرمائے، ان کی علمی و قلمی خدمات کو شرفِ قبول عطا فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، قبر کو نور سے منور فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔

ناشر: حافظ امجد ربانی