سوال

چند ماہ سے میں بہت بے چین ہوں،  میں پہلے نماز، اذکار  کاباقاعدگی سے اہتمام کرتی تھی لیکن آہستہ آہستہ اذکار چھوٹ گئے اور نماز میں بھی کمی کوتاہی ہونے لگی، جس کی وجہ سے  میں بہت پریشان ہوں ۔ پلیز ان حالات میں رہنمائی کیجئے۔

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

بے چینی اور بے قراری کا حل تو نماز، ذکرِ الہی ، اللہ کی عبادت اور اطاعتِ رسول  میں ہے۔  آپ نے تو الٹا نماز  اور اذکار میں کوتاہی کرنا شروع کردی، حالانکہ اس سے مسائل کم نہیں بلکہ زیادہ ہونگے، کیونکہ اللہ کے ذکر میں ہی دلوں کا سکون ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:

“الَّذِينَ آمَنُوا وَتَطْمَئِنُّ قُلُوبُهُم بِذِكْرِ اللَّهِ أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ”.[الرعد:28]

’جو لوگ ایمان لائے ان کے دل اللہ کے ذکر سے اطمینان حاصل کرتے ہیں۔ یاد رکھو اللہ کے ذکر سے ہی دلوں کو تسلی حاصل ہوتی ہے۔

ایسے ہی  نبیﷺ نے ذکر کرنے والے اور ذکر نہ کرنے والے کی مثال یوں  بیان  فرمائی ہے:

“مَثَلُ الَّذِي يَذْكُرُ رَبَّهُ وَالَّذِي لَا يَذْكُرُ رَبَّهُ، مَثَلُ الْحَيِّ وَالْمَيِّتِ”.[صحیح البخاری:6407]

’اس شخص کی مثال جو اپنے رب کو یاد کرتا ہے اور اس کی مثال جو اپنے رب کو یاد نہیں کرتا زندہ اور مردہ جیسی ہے‘۔

دل جب زندہ ہوگا تو  سکون و اطمینان محسوس کرے گا اور نیکی کی طرف رغبت رکھے گا۔

آپ  اس سلسلے میں تین کام ضرور کریں:

1:با وضو رہیں، اور ساتھ ساتھ یہ بھی خیال کریں کہ میں نے وضو کس کام کے لیے کیا ہے اور اس وضو کے ساتھ فرائض اور نوافل بھی ادا کریں۔

2:قرآن پاک کی تلاوت کثرت سے کریں، صبح کا آغاز اگر قرآن پاک کی تلاوت سے کیا جائے تو دل کو سکون اور اطمینان ملتا ہے۔

3:صبح کی سنتوں اور فرض کے درمیان کم از کم چالیس مرتبہ “ياحي ياقيوم لا إله إلا أنت برحمتك أستغيث” پڑھیں، یہ دلوں کی زندگی کا بہترین نسخہ ہے۔

یہ تین کام پابندی سے کریں  اللہ کی رحمت سے امید ہےکہ آپ کی پریشانی دور ہو جائے گی۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  محمد إدریس اثری حفظہ اللہ