چائے کے متعلق ہمارے ہاں کافی سارے نظریات اور موقف پائے جاتے ہیں۔ کچھ لوگ چائے کو صحت کے لیے مضر کہتے ہیں اور کئی  اس کے فوائد بیان کرتے ہیں۔ دنیا میں چائے سے مراد کافی اقسام کی چائے ہے۔ ہمارے ہاں چائے سے مراد دودھ میں پتی ڈالی جائے تو اس کو چائے تصور کیا جاتا ہے جبکہ دنیا بھر میں چائے کا یہ تصور نہیں ہے۔  پتوں،جڑی بوٹیوں کو ہم قہوہ کہتے ہیں۔جبکہ یہ قہوے بھی چائے ہے ۔ ان قہوں میں سبز چائے بھی بہت مقبول ہے جسے گرین ٹی بھی کہتے ہیں۔

ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ  سبز چائے کا یومیہ استعمال نہ صرف بلڈ شوگر کی سطح کم کرنے میں مددگار ہوسکتا ہے بلکہ اس سے نظام  انہضام کی بھی اصلاح ہوتی ہے۔

اس تحقیق کے علاوہ دیگر کئی ایک ریسرچز سے بھی ثابت ہو چکا ہے کہ سبز چائے کے کئی فوائد ہیں، اسے کینسر کے امکانات کم کرنے میں بھی مددگار تصور کیا گیا ہے۔

طبی ماہرین کی ایک نئی تحقیق سے بھی اس کے فوائد سامنے آئے ہیں، جن کے تحت اس کا یومیہ استعمال آنتوں کی سوزش سمیت غذائی نالی کی سوزش کو بھی ختم کرتا ہے۔‎

اس سلسلے میں امریکا کی اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین نے اثرات جانچنے کے لیے 40 مرد و خواتین پر سبز چائے کی مختصر تحقیق کی ۔

اس تحقیق میں ایسے افراد اور مریض تحقیق کا حصہ تھے جن کی نصف تعداد کولیسٹرول، شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کے علاوہ  نطام ہاضمہ کے مسائل کا بھی شکارتھے جب کہ باقی افراد صحت مند تھے۔

تحقیق کنند گان نے ان کو دو حصوں میں تقسیم کیا، ان افراد کے ایک گروپ کو  دوائی کا  استعمال کرایا جب کہ دوسرے گروپ کو سبز چائے کے اجزا کو بطور دوائی استعمال کرنے کا گہا گیا۔

اس تحقیق کے سلسلے میں طبی ماہرین نے بیمار افراد کی بیماری کی نوعیت کو چیک کیا تھا جب کہ 28 دن بعد تحقیق مکمل ہونے پر دوبارہ ان کا طبی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد حیران کن نتائج سامنے آئے ،

ان نتائج سے علم ہوا کہ سبز چائے کو روزانہ لینے سے آنتوں اور غذائی نالی سمیت معدے اور دیگر نظام ہاضمہ کے اعضا کی اصلاح ہوتی ہے ،سوزش یا ورم کم  ہوتا ہے اور اس سے ہاضمہ درست ہوتا ہے۔

اس کے فوائد میں سے ہے کہ نظام انہضام بہتر ہوتا ہے۔  ہاضمہ بہتر بننے کی وجہ سے انسانی جسم کے اندر انسولین بننے کی مقدار بہتر ہوجاتی ہے، جس سے بلڈ شوگر کی سطح نارمل رہتی ہے، یعنی اس میں شوگر کی مقدار زیادہ نہیں بنتی اور جو شوگر خون میں بنتی ہے جسم اس کو استعمال کر کے توانائی کے اندر تبدیل کردیتا ہے۔

ماہرین کے مطابق سبز چائے کا یومیہ استعمال کولیسٹرول کو بہتر بنانے سمیت بلڈ شوگر کی سطح کو نارمل رکھنے میں بھی مددگار ہوتا ہے جب کہ اس سے ہاضمہ بھی بہتر ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق روانہ 4 سے 5 بار سبز چائے کا استعمال کرنا چاہئیے اس سے کم استعمال بھی فائدہ دے سکتا ہے۔