سوال

ایک شخص نے اپنے سوتیلے بھائی کی بیوی کا دودھ پیا، اب وہ اس رضاعی ماں کی بہن سے شادی کرنا چاہتاہے،کیایہ درست ہے؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

رضاعت  سے بھی وہ رشتے حرام ہوجاتے ہیں ، جو نسبی وخونی رشتہ داری سے حرام ہوتے ہیں،  البتہ   رضاعت سے حرمت کے ثبوت کے لیے دو شرطیں ہیں:

اول: دودھ مدتِ رضاعت یعنی دو سال کی عمر کے اندر اندر پیا گیا ہو۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے:

“إنما الرضاعة من المجاعة” (صحيح البخاری:2647)

’رضاعت  بھوک سے ہے ‘۔

یعنی  رضاعت اسی عمر میں ثابت ہوتی ہے، جب وہ دودھ براہ راست بچے کی غذا بنتا ہو، او ر اس کی بھوک مٹاتا ہو۔ ایک اور روایت میں ہے:

لا رضاع إلا في الحولين (موطا مالك:1290 ، سنن الدارقطني:4/174 )

رضاعت صرف دو سال کی عمر میں ثابت ہوتی ہے۔

دوم:  بچے نے دودھ کم ازکم پانچ دفعہ پیا ہو۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:

كان فيما أنزل من القرآن عشر رضعات معلومات يحرمن، ثم نسخن بخمس معلومات، فتوفي النبي – صلى الله عليه وسلم – والأمر على ذلك. ( صحیح مسلم:1452)

شروع میں دس رضاعتیں حرام کرتی تھیں، پھر پانچ رضاعتوں سے حرمت کا حکم نازل ہوا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب اس دنیا سے رخصت ہوئے تو یہی فیصلہ تھا۔

ایک اور حدیث میں ہے:

لا تحرم المصة ولا المصتان .( صحيح مسلم:1451)

ايك دو دفعہ دوددھ پینے سے حرمت ثابت نہیں ہوتی۔

پانچ دفعہ شمار کرنے کا  طریقہ یہ ہے کہ ایک دفعہ وہ دودھ پینا شروع کرے، اور پھر اپنی مرضی سے دودھ پینا چھوڑ دے، تو یہ ایک مرتبہ شمار ہوگی، پیتے پیتے اگر وہ کھانسی وغیرہ کی وجہ سے پستان منہ سے نکال کر دوبارہ شروع کرے تو پھر بھی وہ ایک  دفعہ ہی شمار ہوگی۔

صورتِ مسؤلہ  میں اگر تو اس شخص نے مدتِ رضاعت کے اندر اندر اس خاتون کا  کم از کم پانچ  مرتبہ دودھ پیا ہے، تو پھر وہ  عورت اس کی  رضاعی ماں اور اس کی بہن اس کی رضاعی خالہ ہو گی،  جس سے نکاح کرنا جائز نہیں، کیونکہ خالہ نسبی ہو یا رضاعی اس سے نکاح کرنا جائز نہیں۔

لیکن اگر اوپر بیان کردہ دونوں شرطین یا ان میں سے ایک ثابت نہیں ہوتی تو پھر  نکاح کرنا جائز ہے، کیونکہ ایسی صورت میں  یہ  عورت اس کے لیے خالہ کی بجائے ایک غیر محرم عورت کی مانند ہوگی۔

مزید پڑھیں: IVF treatmentجائز ہے یا نہیں ؟

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  محمد إدریس اثری حفظہ اللہ