سوال 7334

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
کیا بارش کا پانی برکت سمجھتے ہوئے پیا جا سکتا ہے یا یہ مسنون ہے کہ نہیں؟

جواب

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته اصل حکم کے اعتبار سے بارش کا پانی پاک ہے اور پینا جائز ہے، خاص طور پر کوئی روایت تو منقول نہیں، البتہ اللہ رب العالمین کا فرمان ہے

وَهُوَ الَّذِىۡۤ اَرۡسَلَ الرِّيٰحَ بُشۡرًۢا بَيۡنَ يَدَىۡ رَحۡمَتِهٖ‌ۚ وَاَنۡزَلۡنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءً طَهُوۡرًا

اور وہی ہے جس نے ہوائوں کو اپنی رحمت سے پہلے خوش خبری کے لیے بھیجا اور ہم نے آسمان سے پاک کرنے والا پانی اتارا۔ (سورۃ الفرقان آیت نمبر : 48)

وَنَزَّلۡنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءً مُّبٰـرَكًا فَاَنۡۢبَـتۡـنَا بِهٖ جَنّٰتٍ وَّحَبَّ الۡحَصِيۡدِ

اور ہم نے آسمان سے ایک بہت بابرکت پانی اتارا، پھر ہم نے اس کے ساتھ باغات اور کاٹی جانے والی (کھیتی) کے دانے اگائے۔ (سورۃ ق آیت نمبر : 9)
ان آیات سے ثابت ہوتا ہے کہ بارش کا پانی پاک ہے اس لیے اس کو پینا اسکا استعمال کرنا جائز ہے،
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اتنا ثابت ہے کہ آپ بارش میں نہاتے تھے، اور اسکا پانی اپنے جسم تک پہنچاتے تھے
حضرت انس رضی اللہ عنہ نے کہا : ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے کہ ہم پر بارش برسنے لگی تو رسول اللہ ﷺ نے اپنا ( سر اور کندھے کا ) کپڑا کھول دیا حتیٰ کہ بارش آپ پر آنے لگی ۔ ہم نے عرض کی : اے اللہ کے رسول ﷺ ! آپ نے ایسا کیوں کیا ؟ آپ نے فرمایا

لِأَنَّهُ حَدِيثُ عَهْدٍ بِرَبِّهِ تَعَالَى

کیونکہ وہ نئی نئی ( سیدھی ) اپنے رب عزوجل کی طرف سے آرہی ہے
(صحیح مسلم حدیث نمبر : 2083)
ھذا ما عندي والله اعلم بالصواب

فضیلۃ العالم حافظ محمد عبداللہ حفظہ اللہ

الله يبارك فيك ويرضيك
قرآن کریم کی آیات بینات پر ہمارا سو فیصد ایمان ہے۔ مگر ان سطور سے بھی راہنمائی لینی چاہیے ہے
AI سے ملاحظہ ہو
بارش کا خالص پانی قدرتی طور پر الکلائن (alkaline) ہوتا ہے اور یہ تیزابیت کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ ہاضمہ بہتر بنانے، جسم سے زہریلا مواد (toxins) خارج کرنے، جلد کو تروتازہ رکھنے اور وزن میں کمی کے لیے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔تاہم، موجودہ دور میں فضائی آلودگی کے باعث ڈائریکٹ بارش کا پانی پینے سے پہلے چند احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہیں:شروع کی بارش نہ پیئں: بارش کے آغاز میں ماحول میں موجود دھول، مٹی اور کیمیکلز پانی میں شامل ہوتے ہیں، اس لیے ہمیشہ 10 سے 15 منٹ بعد پانی جمع کریں۔صاف برتن کا انتخاب: پانی ہمیشہ شیشے یا فوڈ گریڈ پلاسٹک کے کھلے اور صاف برتنوں میں جمع کریں۔فلٹریشن: پانی میں موجود جراثیم کو ختم کرنے کے لیے پینے سے پہلے اسے فلٹر یا ابال لینا چاہیے۔
البتہ مزید اس متعلق ماہرین طب اور صحت کے ادارے بتا سکتے ہیں

فضیلۃ العالم ابو انس طیبی حفظہ اللہ