لیکچرار محمد ہارون مجید صاحب حفظہ اللہ (ریسرچ سکالر: جامعہ سلفیہ فیصل آباد) کا مختصر تعارف

وَتَعظُمُ في عَينِ الصَغيرِ صِغارُها”
وَتَصغُرُ في عَينِ العَظيمِ العَظائِمُ
چھوٹے اور کم ہمت لوگوں کو معمولی چیزیں بھی بڑی معلوم ہوتی ہیں،جبکہ بڑے اور باہمت لوگوں کو بڑی مہمات بھی حقیر معلوم ہوتی ہیں۔
محمد ہارون بن عبد المجید 1999 کو تحصیل دیپال پور ضلع اوکاڑہ کے گاؤں “جواہرسنگھ “میں پیدا ہوئے۔
ابتدائی تعلیم
ابتدائی تعلیم کے حصول کے لیے آپ نےاپنے گاؤں کے قریب ” قصبہ نہرانوالا” کے پرائمری سکول میں داخلہ لیا اور دو جماعتیں اسی سکول سے مکمل کیں پھر والدین نے اچھی تعلیم کی خاطر انہیں اپنے بہن بھائیوں کیساتھ دیپالپور شہر میں داخل کروا دیا اور آپ نے تیسری کلاس کا امتحان شہر ہی کے سکول سے پاس کیا۔ ابھی پانچویں کلاس مکمل نہیں ہوئی تھی کہ گھریلو ناچاکی کی وجہ سے انہیں اپنے آبائی گاؤں” 173 نو ایل” منتقل ہونا پڑا جس کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے پڑھائی منقطع رہی۔ پھر اسی گاؤں کے ایک پرائیویٹ سکول میں داخلہ لیا پر ایک سال بھی مکمل نہیں ہوا تھا کہ آپ کے والد کی خواہش پر آپ نے دینی تعلیم سیکھنے کا ارادہ کیا اور قریبی شہر بورے والا کے مرکز سراج اہل حدیث میں داخلہ لیا ۔
مرکز سراج میں آپ نے بلوغ المرام اور دیگر درس نظامی کی ابتدائی کتب پڑھیں وہاں پر آپ نے اپنے اساتذہ میں سے مولانا اشرف صاحب اور مولانا شہزاد ظفر صاحب کی خاص توجہ حاصل کی اور اوقات تعلیم کے علاوہ بھی ان کے فیض سے مستفید ہوئے ایک ڈیڑھ سال تک آپ اسی مرکز میں زیر تعلیم رہے۔
جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں جانے کا سبب
آپ رمضان المبارک میں پاکستان کے معروف ادارہ ” ستیانہ بنگلہ” میں دورہ نحو وصرف کے لیے آئے آپ کی ذہانت اور علمی لگن دیکھ کرآپ کے اساتذہ نے مشورہ دیا کہ آپ کسی بڑے جامعہ کا انتخاب کریں اور ستیانہ بنگلہ میں آنے کا کہا۔ والدین اور دیگر اساتذہ کے مشورہ پر آپ 2014 میں پاکستان کے مرکزی ادارہ جامعہ سلفیہ میں آئے اور دوسری جماعت میں داخلہ لیا۔
جن مشائخ کرام سے کسب فیض کیا
(1)شیخ الحدیث حافظ عبدالعزیز علوی حفظہ اللہ۔
(2) شیخ الحدیث محمد یونس بٹ رحمہ اللہ۔
(3)مفتی جامعہ عبدالحنان زاہد صاحب حفظہ اللہ۔
(4)فضیلتہ الشیخ مفسر قرآن نجیب اللہ طارق حفظہ اللہ۔
(5)پروفیسر محمد چوہدری یاسین ظفر صاحب حفظہ اللہ۔
(6)فضیلتہ الشیخ مولانا ندیم شہباز صاحب حفظہ اللہ۔
(7)شیخ الادب مولانا ادریس سلفی حفظہ اللہ۔
(8)شیخ الحدیث ڈاکٹر عتیق الرحمن حفظہ اللہ۔
(9)فضیلتہ الشیخ محمد اکرم مدنی حفظہ اللہ
(10)فضیلتہ الشیخ فاروق الرحمن یزدانی حفظہ اللہ۔
(11)فضیلتہ الشيخ مولانا صدیق صاحب حفظہ اللہ۔
عصری علوم
جامعہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ آپ نے عصری تعلیم بھی جاری رکھی جس میں میٹرک، ایف، بی اے، دوران تعلیم مکمل کیے۔ اسی طرح پنجاب ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کی طرف سے کمپیوٹر اور مختلف انگلش زبان کے کورسز میں شمولیت اختیار کی اور سب میں نمایاں کاگردگی دکھائی ۔وفاق المدارس السلفیہ سے شہادت العالمیہ ممتاز نمبروں سے حاصل کی ۔ آپ نے 2020 میں جامعہ سلفیہ فیصل آباد سے سند فراغت پائی۔ اور فراغت کے بعد ایم فل علوم اسلامیہ کی ڈگری رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی فیصل آباد سے مکمل کی ۔
مختلف نوعیت کا کام
آپ نے دوران تعلیم پانچویں کلاس سے ہی فضیلتہ الشيخ نجیب اللہ طارق صاحب حفظہ اللہ کی رفاقت میں جامعہ کے ریسرچ سنٹر میں بطور معاون کے کام کرنا شروع کیا ۔جامعہ سلفیہ کے ریسرچ سنٹر کے زیر نگرانی “مشکاۃ المصابیح “کے درسی نسخہ پر عربی حاشیے کے کام میں بطور معاون کے کام کیا۔ اور تا حال ریسرچ سنٹر سے منسلک ہیں ۔عربی ادب سے دلچسپی کی وجہ آپ نے “دیوان المتنبی” پر مقالے کا انتخاب کیا جو ابھی تک جاری ہے جامعہ سلفیہ سے فراغت کے بعد(کرونا وائرس کے ایام میں ) مرکز التربیہ الاسلامیہ گلستان کالونی فیصل آباد ایک سال کا عرصہ گزارا۔ اور 2022 میں بطور استاد آپ نے جامعہ میں پڑھانے کا آغاز کیا۔جامعہ میں آپ اوقات تعلیم کے علاوہ بھی تعلیم سے شغف رکھنے والے طلبہ کو صرف ونحواور انگریزی وغیرہ کی تعلیم دیتے ہیں ۔
ہم مکتب احباب
(1) قاری نوید الحسن اسامہ حفظہ اللہ( لیکچرار گورنمنٹ گریجویٹ کالج سمن آباد فیصل آباد)
(2)مولانا عارف سلفی حفظہ اللہ(مدرس جامعہ سلفیہ فیصل آباد)
(3) مولانا ذیشان صاحب
(4) مولانا طیب خلیق صاحب (فیصل آباد )
کالج میں لیکچرار
2022 میں موصوف نے پنجاب پبلک سروسز کا امتحان پاس کیا اور بطور لکچرار عربی نامزد ہوئے آپ کی پہلی تقرری گورنمنٹ گریجویٹ کالج جامعہ محمدی شریف بھوآنہ چنیوٹ میں ہوئی اور ابھی تک اسی کالج میں انٹر اور بی ایس کے طلباء کو عربی اور اسلامیات کی تعلیم سے آشنا کرنے کی جد وجہد میں ہیں اسکے علاوہ کالج میں مختلف اسلامی تعلیمی سرگرمیوں میں بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
ممدوح کو اللہ تعالی نے متنوع خوبیوں سے نوازا ہے جس میں خصوصی طور پر عربی و اردو ادب،صرف ونحو وغیرہ۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آپ کالج میں پڑھانے کے باوجود جامعہ سلفیہ میں سیکنڈ ٹائم علمی تڑپ رکھنے والے بچوں کو خصوصی کلاسز میں عربی گرائمر اور انگلش کی تعلیم میں مصروف عمل ہیں۔
اللہ تعالی عزیزم کو مزید برکتوں سے نوازے آمین۔

●ناشر: حافظ امجد ربانی
●متعلم :جامعہ سلفیہ فیصل آباد

یہ بھی پڑھیں:قاری أبو أسيد عبدالرؤف حفظہ اللہ