●استاد محترم مفتی جامعہ عبدالحنان زاہد صاحب حفظہ اللہ کا مختصر تعارف ●

(ہماری آخری کلاس تھی جنہوں نے مفتی صاحب حفظہ اللہ سے کسب فیض کیا)
مفتی عبد الحنان صاحب 15دسمبر 1960ء میں پیدا ہوئے ۔ مفتی صاحب کے والد کا نام مولانا حافظ عبد الرحمن بن میاں مراد بخش تھا۔مفتی صاحب نے ابتدائی تعلیم کنگن پور (ضلع قصور) کے نواح میں معروف گاؤں فتح محمد کلان سے حاصل کی۔ پھر مدرسہ تعلیم القرآن کھڈہاں خاص میں حصول علم کیا ۔ چند ماہ بعد دارالحدیث راجووال میں دو سال تک تعلیم حاصل کی ۔ کچھ عرصہ جامعہ محمدیہ اوکاڑہ سے بھی حصول علم کیا ۔ 1979 میں وفاق المدارس السلفیہ کا امتحان پاس کیا۔ بعد ازاں شیخ الحدیث مولانا عبداللہ امجد چھتوی صاحب رحمہ اللہ کے توجہ دلانے پر جامعہ سلفیہ فیصل آباد کی آخری کلاس میں دوبارہ داخلہ لیا۔ اور 1980میں سند فراغت حاصل
کی۔جامعہ سلفیہ سے فراغت کے بعد کچھ عرصہ تک مختلف مدارس میں تدریسی خدمات سرانجام دیتے رہے ۔ سانگہ ہل میں مولانا عبدالشکور صاحب کے پاس دو ماہ تک تدریس کے فرائض سر انجام دیے۔ پھر جامعہ اشاعت الاسلام چک 149عارف والہ میں حضرت چھتوی صاحب کے زیر سایہ صحیح البخاری کے درس میں شمولیت کی اور ساتھ ساتھ تدریس کے فرائض بھی سر انجام دیئے ۔ بعد میں جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں بطور مدرس تقرر ہوا۔ ۱۹٨۳ء میں جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ سے حصول علم کیا ۔پھر رابطہ العالم الاسلامی کی المعہد العالی میں داخلہ لیا اور وہاں سے ایم۔ اے کی ڈگری حاصل کی ۔ سعودی عرب سے تعلیم حاصل کر کے 1990میں پاکستان واپس آئے۔
اور یکم جنوری 1991ء سےجامعہ سلفیہ میں تدریس کا آغاز کردیا۔ جو اب تک جاری ہے۔ مفتی صاحب جامعہ سلفیہ کے درجہ عالیہ میں کتب حدیث میں سے صحیح مسلم ، اصول حدیث میں
شرح نخبة الفکر، فقہ میں بدایت المجتہد، اصول فقہ میں “الوجیز، اور وراثت میں السراجی فی المیراث ،بڑی مہارت سے پڑھا رہے تھے۔ لیکن اب طبیعت ناساز ہے ۔ فیصل آباد کی جامع مسجد الشریف میں باقاعدگی سے خطبہ جمعہ دے رہےتھے۔ اس کے ساتھ ساتھ جامع مسجد عمر سول لائن میں نماز فجر کے بعد مستقل درس بھی دیتے تھے اور اس
مسجد میں ترجمۃ القرآن کی باقاعدہ کلاس شروع کی۔ مفتی عبد الحنان صاحب جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں تدریسی خدمات سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ دار الافتاء کے مدیر بھی ہیں۔ مفتی صاحب احادیت نبویہ اور صحابہ کرام رضوان اللہ سے والہانہ محبت رکھتے ہیں ۔
دعا کریں اللہ تعالٰی مفتی صاحب حفظہ اللہ کوجلد صحت یاب کرے آمین۔

یہ بھی پڑھیں: پروفیسر یسین ظفر حفظہ اللہ، جامعہ سلفیہ فیصل آباد 

● ناشر: حافظ امجد ربانی
● متعلم جامعہ سلفیہ فیصل