سوال 7703
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
شدید غم اور پریشانی کی کیفیت میں جب کوئی مسئلہ حل نہ ہو رہا ہو تو کن الفاظوں میں اللہ کی طرف رجوع بننا چاہیے، اور کون سے اوقات بہترین ہیں اور اس کے علاوہ کیا کرنا چاہیے؟ اس حوالے سے رہنمائی فرما دیں۔ جزاک اللہ خیرا
جواب
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
سب سے پہلے فرائض میں کوتاہی نہ ہو اور وہ سو فیصد وقت پر ادا کیے جائیں۔ سننِ راتبہ اور رواتبِ مؤکدہ کا اہتمام ہو اور کثرت سے نوافل پڑھے جائیں۔
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
﴿وَاسْتَعِينُوا بِالصَّبْرِ وَالصَّلَاةِ﴾
یعنی صبر اور نماز کے ذریعے مدد طلب کرو۔
تمام انبیاء علیہم السلام کی سنت رہی ہے کہ جب کوئی مہم درپیش ہوتی یا کوئی مسئلہ پیش آتا تو نماز قائم کرتے تھے۔ لہٰذا اس کا اہتمام کرنا چاہیے، کثرت سے نوافل پڑھیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں۔ دعا بڑے بڑے مسائل حل کر دیتی ہے۔
دعا کی قبولیت کے خاص اوقات میں اذان اور اقامت کے درمیان کا وقفہ، رات کا آخری پہر، فرض نماز کے بعد اور حالتِ سجدہ شامل ہیں۔ ان اوقات میں خاص طور پر دعا پر توجہ دی جائے، اگرچہ دعا کسی بھی وقت کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ درج ذیل اذکار کا کثرت سے ورد کریں:
لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ الْعَظِيمُ الْحَلِيمُ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ، لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْكَرِيمِ۔
اسی طرح:
اللّٰهُ اللّٰهُ رَبِّي لَا أُشْرِكُ بِهِ شَيْئًا۔
حَسْبُنَا اللّٰهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ۔
لَا إِلٰهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ۔
ان اذکار کا کثرت سے ورد کریں۔ لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللّٰهِ بھی پڑھ سکتے ہیں، اور صبح و شام سورۂ یٰسین بھی پڑھ سکتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے چاہا تو حالات بہتر ہو جائیں گے۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ




