سوال 7542

السلام علیکم محترم ایک سوال ہے کہ سنی حضرات ہر جمعہ کے بعد مصطفی جان رحمت پہ لاکھوں سلام کا ورد کرتے ہیں ایک گروہ کی شکل میں یہ کس حد تک قرآن وحدیث سے ثابت ہے یا بلکل بدعت ہے؟

جواب

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
ان کا جو طریقہ کار ہے، یہ خود ساختہ بنایا ہوا ہے۔ اجتماعی شکل میں اس طرح لوگوں کو جمع کرنا، خاص طور پر جمعہ کے دن اور نماز کے فوراً بعد۔ تو یہ دین ہے اور دین کے لیے دلیل چاہیے۔
دین کے جو احکامات ہیں، وہ توقیفی ہیں۔ جمعہ ہر ہفتے آتا تھا، نبی علیہ السلام موجود بھی ہوتے تھے۔ جب آپ ﷺ دنیا سے تشریف لے گئے تو پھر بھی جمعہ ہوتا رہا۔ پندرہ سو سال سے جمعہ ہو رہا ہے، تو صحابہ میں، تابعین میں، ائمہ میں کس نے اس طرح کیا؟ کوئی بھی نہیں۔
لہٰذا یہ ایک خود ساختہ عمل ہے۔
اگر جمعۃ المبارک کے دن درود پڑھنے کی فضیلت ہے تو وہ مطلقاً اور عمومی طور پر ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس کے لیے ایک خاص وضع قطع، خاص ہیئت اور خاص طریقہ مقرر کر لیا جائے۔
تو ہیئتِ کذائیہ کے ساتھ، جمعہ کے بعد اس طرح اجتماعی طور پر درود پڑھنا جائز نہیں ہے۔ بلکہ جب اسے ایک خاص طریقہ بنا دیا جائے اور اس کی کوئی خاص فضیلت بھی بیان کی جائے تو پھر یہ بدعت ہو جائے گا۔
اور جو لوگ یہ پڑھتے ہیں، وہ اصحابِ بدعت ہیں، یہ بات سب کو معلوم ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ