سوال 7533

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
اگر کوئی شخص سجدہ اور تشہد میں نہیں بیٹھ سکتا کرسی پر نماز پڑھتا ہے تو کیا قیام اور رکوع بھی کرسی پر بیٹھے کرے گا یا قیام اور رکوع کے لئے کھڑا ہو جائے گا اگر کھڑا ہو کر پڑھے گا تو جماعت کی صورت میں کیا صف بندی خراب نہیں ہوگی کہ کرسی سے آگے نکل کر کھڑا ہے؟

جواب

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کرسی شریف آخری صورت ہے، مجبوری کی صورت ہے۔ کرسیوں کا فیشن کوشش کریں کہ ختم ہو جائے۔ کیونکہ عام طور پر جو دیکھنے میں آیا ہے، میں اس سائل کو نہیں کہہ رہا، لیکن مشاہدے میں یہ آیا ہے کہ گھر میں کوئی کرسی نہیں ہے، کاروبار کرتے ہوئے کوئی کرسی نہیں ہے، چھ چھ، آٹھ آٹھ گھنٹے بھاگا بھاگا پھر رہا ہے۔ ایک ٹھیلے سے دوسرے ٹھیلے، ایک شاپ سے دوسری شاپ۔ مسجد میں آتا ہے تو کرسی لے لیتا ہے۔
تو اس کے لیے کرسی جائز نہیں ہے۔ ہاں، جس کے پاس کوئی صورت نہیں ہے اور کرسی کے علاوہ نیچے نہیں بیٹھ سکتا، وہ کرسی پر نماز پڑھ لے۔
البتہ جب نماز جماعت کے ساتھ پڑھے تو پھر ٹوٹل نماز بیٹھ کر پڑھے، تاکہ سب سے آگے نہ نکلے۔ پیچھے کرسی کرنے کی گنجائش نہیں ہوتی کیونکہ پیچھے دوسری صف ہوتی ہے۔
اور جب اکیلا نماز پڑھے تو پھر قیام کر سکتا ہے؛ کھڑے ہو کر قیام کر لے، رکوع بھی کر سکتا ہے تو کر لے، اور جب سجدہ کرنا ہو تو بیٹھ جائے۔ واللہ اعلم

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ