سوال

میرا نام یاسر اقبال ہے،  اب میری  عمر 27 سال ہے، دو سال سے کم عمر میں ایک بار  میری خالہ نےمجھے دودھ پلایا تھا، جب میں رو رہا تھا، اور دودھ پیتے پیتے سوگیا تھا، کیا اس ایک دفعہ دودھ پینے سے رضاعت ثابت ہوجاتی ہے؟ کیا میرا نکاح میری خالہ کی بیٹی سے ہوسکتا ہے کہ نہیں؟

جواب

الحمدلله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

  • بلا شبہ رضاعت سے بھی وہ رشتے حرام ہوجاتے ہیں ، جو نسبی وخونی رشتہ داری سے حرام ہوتے ہیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے:

يحرم من الرضاعة ما يحرم من النسب. (صحيح مسلم :1445)

رضاعت سے بھی وہی حرمت حاصل ہوتی ہے، جو نسب سے ہوتی ہے۔

  • البتہ رضاعت سے حرمت کے ثبوت کے لیے دو شرطیں ہیں:
  • اول: دودھ مدتِ رضاعت یعنی دو سال کی عمر کے اندر اندر پیا گیا ہو۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے:

“إنما الرضاعة من المجاعة” (صحيح البخاری:2647)

رضاعت  بھوک سے ہے ۔

یعنی  رضاعت اسی عمر میں ثابت ہوتی ہے، جب وہ دودھ براہ راست بچے کی غذا بنتا ہو، او ر اس کی بھوک مٹاتا ہو۔

ایک اور روایت میں ہے:

لا رضاع إلا في الحولين (موطا مالك:1290 ، سنن الدارقطني:4/174 )

رضاعت صرف دو سال کی عمر میں ثابت ہوتی ہے۔

  • دوم: بچے نے دودھ کم ازکم پانچ دفعہ پیا ہو۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:

كان فيما أنزل من القرآن عشر رضعات معلومات يحرمن، ثم نسخن بخمس معلومات، فتوفي النبي – صلى الله عليه وسلم – والأمر على ذلك. ( صحیح مسلم:1452)

شروع میں دس رضاعتیں حرام کرتی تھیں، پھر پانچ رضاعتوں سے حرمت کا حکم نازل ہوا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب اس دنیا سے رخصت ہوئے تو یہی فیصلہ تھا۔

ایک اور حدیث میں ہے:

لا تحرم المصة ولا المصتان .( صحيح مسلم:1451)

ايك دو دفعہ دوددھ پینے سے حرمت ثابت نہیں ہوتی۔

پانچ دفعہ شمار کرنے کا  طریقہ یہ ہے کہ ایک دفعہ وہ دودھ پینا شروع کرے، اور پھر اپنی مرضی سے دودھ پینا چھوڑ دے، تو یہ ایک مرتبہ شمار ہوگی، پیتے پیتے اگر وہ کھانسی وغیرہ کی وجہ سے پستان منہ سے نکال کر دوبارہ شروع کرے تو پھر بھی وہ ایک  دفعہ ہی شمار ہوگی۔

  • سوال کے مطابق مسؤلہ صورت میں دوسری شرط مفقود ہے، لہذا سائل کی اپنی خالہ سے رضاعت ثابت نہیں ہوئی ، جو کہ اس کی بیٹی کے ساتھ نکاح میں رکاوٹ ہو۔ واللہ اعلم بالصواب۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ  (رئیس اللجنۃ)

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ