سوال 7230

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
جی عورت کو شرعی پردہ کس کس سے کرنا چاہیے اور کس سے نہیں۔ اور پردہ کا صحیح طریقہ بھی یہ سب تفصیل سے اگر تحریر میں بتا دیں۔ جزاک اللہ

جواب

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
جو بھی عورت کے لیے غیر محرم ہے، اس سے پردہ کرے گی۔ اسی طرح اس شخص سے بھی پردہ کرے گی جس سے کبھی نکاح جائز ہو سکتا ہو، اگرچہ وقتی طور پر کسی وجہ سے نکاح جائز نہ ہو، لیکن آگے چل کر کوئی ایسی صورت بن سکتی ہو کہ اس سے نکاح ممکن ہو جائے، تو اس سے بھی پردہ کیا جائے گا۔
البتہ گھر کے اندرونی پردے کی کیفیت الگ ہے اور باہر کے پردے کی کیفیت الگ۔ گھر میں رشتہ داروں کا آنا جانا ہوتا ہے، اس لیے وہاں بھی پردہ ہے، لیکن اس کی نوعیت مختلف ہو سکتی ہے۔
عورت تو سراپا پردہ ہے۔ اپنے عرف کو دیکھیں، بزرگ اور دیندار خواتین کے طرزِ عمل کو دیکھیں کہ وہ پردہ کیسے کرتی ہیں۔ کوشش یہی ہونی چاہیے کہ جہاں تک ممکن ہو اپنے آپ کو چھپایا جائے۔ ہاتھ، پاؤں، چہرہ اور جسمانی بناوٹ سب کے پردے کا اہتمام ہو۔ جس چیز سے پردہ کیا جائے وہ بھی سادہ، غیر شوخ، غیر چمکدار اور ساتر ہو، تاکہ پردہ پوشی کا حق ادا ہو سکے۔
گھر کی اندرونی زندگی میں، مثلاً جب کزن وغیرہ آ جائیں، تو سلام دعا کی گنجائش ہو سکتی ہے، لیکن بڑی چادر کا استعمال کیا جائے۔ غیر ضروری گفتگو سے اجتناب کیا جائے اور تنہائی (تخلیہ) اختیار نہ کی جائے۔
ضرورت کے تحت کھانا پیش کرنا، برتن اٹھانا یا حال احوال پوچھنا ہو تو کیا جا سکتا ہے، لیکن اس کے ساتھ پردے کا اہتمام برقرار رہے۔ عورت اپنے آپ کو بڑی چادر میں اس قدر سمیٹ اور ڈھانپ سکتی ہے، تو اسے ایسا ہی کرنا چاہیے اور حتی المقدور خود کو کور رکھنا چاہیے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ