سوال

رزق حلال میں وسعت اور برکت کے لیے کوئی دعا یا وظیفہ بتا دیں؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

رزق کے بارے میں ہمارا ایمان ہونا چاہیے، اللہ تعالی نے جتنا مقدر میں لکھا ہے ، اتنا ہی ملے گا اور وقت سے پہلے نہیں ملے گا۔ البتہ رزق میں اضافے کے لیے دعائیں ، اسباب اور ذرائع استعمال کیے جا سکتے ہیں، جن میں سےچند اہم درج ذیل ہیں:

1: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں وہ دعائیں بھی سکھائی ہیں جن سےرزق میں وسعت پیدا ہو جاتی ہے۔ ان میں سے ایک اہم دعا یہ ہے:

“اللهم اكْفِنِي بحلالك عن حرامك، وأَغْنِنِي بفضلك عَمَّنْ سِوَاك”. [سنن الترمذی: 3563]

’’اے اللہ! جن اشیاء کو تو نے حرام کیا ان سے بچاتے ہوئے اپنی حلال کردہ اشیاء کو میرے لیے کافی کر دے اور اپنے فضل سے مجھے اپنے سوا ہر کسی سے بے نیاز کردے‘‘۔

اگر کسی پر پہاڑ کے برابر بھی قرض ہو تو یہ دعا پڑھتے رہنے سے اللہ تعالیٰ اسکے قرض کی ادائیگی کے اسباب پیدا فرما دے گا۔

ایک اور دعا یہ ہے:

“اَللّٰهمَّ اِنِّیْٓ اَسْئَلُکَ عِلْمًا نَافِعًا وَّرِزْقًا طَیِّبًا وَّعَمَلًا مُّتَقَبَّلًا”. [سنن ابن ماجہ: 925]

’’اے اﷲ! بے شک میں تجھ سے نفع دینے والے علم کا سوال کرتا ہوں اور پاکیزہ رزق کا اور ایسے عمل کا جو قبول کرلیا جائے‘‘۔

امید ہے جو شخص ان دو دعاؤں کو کثرت سے پڑھے گا اللہ پاک اس کے رزق میں وسعت فرما دے گا۔

اسی طرح جو شخص درود ابراہیمی کو کثرت سے پڑھے اللہ تعالی اس کے رزق میں وسعت فرما دے گا۔

2: اسی طرح اللہ تعالی سے رزق کی وسعت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ تقویٰ بھی ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد باری تعالی ہے:

“وَمَنْ يَّتَّقِ اللّـٰهَ يَجْعَلْ لَّـه مَخْرَجًا وَيَرْزُقْه مِنْ حَيْثُ لَا يَحْتَسِبُ”. [سورۃ الطلاق 2_3]

’’جو شخص تقوی اختیار کرتا ہے اللہ تعالی اس کو ایسی جگہ سے رزق عطا فرماتا ہے جو اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتا‘‘۔

3: اسی طرح صلہ رحمی کرنے سے بھی رزق میں وسعت پیدا ہو جاتی ہے۔

کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

“مَنْ أَحَبَّ أَنْ يُبْسَطَ لَهُ فِي رِزْقِهِ وَيُنْسَأَ لَهُ فِي أَثَره فَليصل رَحمَه”. [صحیح بخاری:2067]

’’جو شخص یہ پسند کرتا ہے کہ اس کا رزق فراخ کر دیا جائے اور اس کی عمر دراز کر دی جائے تو وہ صلہ رحمی کرے ۔‘‘

4: اسی طرح جو کثرت سے استغفار کرتا ہے اللہ تعالی اس کے رزق میں وسعت عطا فرماتا ہے۔

یہ رزق میں برکت کے بعض اسباب ہیں، اللہ کی رحمت سے امید ہے جو کوئی ان کا اہتمام کرے گا، اللہ تعالی اپنی رحمت سے اس کے رزق میں وسعت فرما دے گا۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  محمد إدریس اثری حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ مفتی عبد الولی حقانی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الحنان سامرودی حفظہ اللہ