سوال 7240

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
شیخ محترم میرا سوال یہ ہے کہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت کی تاریخ کون سی ہے مستند روایات کی روشنی میں رہنمائی کریں۔

جواب

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
روایات میں اختلاف ہے، اور ہر دور میں اختلاف ہوتا رہا ہے؛ پیدائش کی تاریخ میں بھی، وفات کی تاریخ میں بھی، اور شہادت کی تاریخ میں بھی۔ کیونکہ اسلام نے اس حوالے سے کوئی خاص احکامات نہیں دیے کہ فلاں تاریخ کو لازماً یاد رکھو۔ اس لیے اس قسم کا اختلاف ہونا لامحالہ تھا۔
اصل چیز تو پیغام ہے؛ یعنی شہادت سے کیا پیغام ملا، معراج سے کیا پیغام ملا، پیدائش سے کیا پیغام ملا، اور وفات سے کیا پیغام ملا۔ اسلام نے ہمیں انہی پیغامات کو یاد رکھنے کی تعلیم دی ہے۔
جہاں تک سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے زخمی ہونے کا تعلق ہے، تو اس بارے میں زیادہ تر اقوال ذوالحجہ کے آخری ایام کے ہیں۔ کسی نے 26 ذوالحجہ کہا، کسی نے 28، کسی نے 29، اور بعض نے انہی دنوں کو شہادت کے ایام قرار دیا ہے۔
زیادہ رجحان اسی طرف معلوم ہوتا ہے کہ ذوالحجہ کے آخری دنوں میں آپ رضی اللہ عنہ زخمی ہوئے اور پھر دو تین دن بعد اس دنیائے فانی سے رخصت ہو گئے۔ یعنی زخمی ہونا بھی انہی ایام میں ہوا اور وفات بھی انہی دنوں میں ہوئی۔
البتہ بعض اہلِ علم کا کہنا ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ ذوالحجہ میں زخمی ہوئے تھے، جبکہ آپ کی تدفین یکم محرم کو ہوئی تھی۔

فضیلۃ الشیخ عبدالوکیل ناصر حفظہ اللہ