سوال 7246

السلام علیکم و رحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ
محترم جناب علماء اکرام گزارش یہ ہے کہ سورۃ البقرہ کی تکمیل پر سیدنا عمر فاروق رضی اللّٰہ عنہ نے اس خوشی میں کوئی خاص عمل کیا جیسے اونٹ ذبح کر کے تقسیم یا صحابیات رضوان اللہ علیہم اجمعین نے اس کی تکمیل پر کچھ عمل کیا ہو؟

جواب

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
روایات کے اعتبار سے تو یہ روایات ضعیف ہیں۔ اس موضوع پر ہمارے شیخ، شیخ الکل فی الکل اور امامِ وقت الشیخ عبدالعزیز نورستانی حفظہ اللہ تعالیٰ ورعاہ نے “میٹھی بدعت” کے نام سے ایک کتاب بھی لکھی ہے۔ اگرچہ شیخ اس مسئلے میں کچھ سختی کرتے ہیں، لیکن انہوں نے واضح کیا ہے کہ ان روایات کی اسناد متکلم فیہ اور مختلف فیہ ہیں، اس لیے اس حوالے سے کوئی چیز پایۂ ثبوت کو نہیں پہنچتی۔
البتہ اگر کوئی شخص خوشی کے موقع پر اپنی طرف سے دعوت کا اہتمام کرتا ہے، یا میٹھے اور نمکین وغیرہ کا انتظام کرتا ہے، تو اس پر کوئی سختی نہیں ہے۔
لیکن شرط یہ ہے کہ اسے لازم اور ضروری نہ سمجھے، اور یہ عقیدہ نہ رکھے کہ تکمیل قرآن پر یہ کام کرنا ہی کرنا ہے۔
اگر اسے محض خوشی اور اظہارِ مسرت کے طور پر کیا جائے، نہ کہ ایک لازمی دینی عمل سمجھ کر، تو بظاہر اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبدالوکیل ناصر حفظہ اللہ