سوال 7335
دو لوگ نماز پڑھ رہے ہوں تشہد کی حالت میں ہو تیسرا شخص آئے تو کیا کرے، انتظار کرے یا اگلے مقتدی کو پیچھے کریں
پھر مقتدی پیچھے کیسے جائے اٹھ کر جائے یا بیٹھ کر؟
جواب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اس صورت میں آگے پیچھے ہونا ممکن ہے۔ امام آگے بڑھ سکتا ہے، یا مقتدی پیچھے ہٹ سکتا ہے، حتیٰ کہ تشہد کی حالت میں بھی ضرورت کے تحت ایسا کیا جا سکتا ہے۔
البتہ اگر امام، مقتدی یا بعد میں آنے والے شخص کو سمجھ نہ آ رہی ہو کہ کیا کرنا ہے، تو آسان طریقہ یہ ہے کہ جو شخص بعد میں آیا ہے، وہ امام کے دائیں طرف، پہلے مقتدی کے برابر آ کر بیٹھ جائے۔
پھر جب امام سلام پھیر دے گا، تو پہلا مقتدی اس بعد میں آنے والے شخص کا امام بن جائے گا۔ اگر پہلے مقتدی کی کچھ رکعات باقی ہوں گی تو وہ انہیں مکمل کرے گا، اور بعد میں آنے والا اس کی اقتدا میں اپنی باقی نماز مکمل کرے گا۔
دوبارہ عرض کرتا ہوں: اگر کسی کو طریقہ سمجھ نہ آ رہا ہو اور امام و مقتدی بھی اس وقت ترتیب تبدیل نہ کر سکیں، تو بعد میں آنے والا شخص پہلے مقتدی کے دائیں جانب اس کے برابر بیٹھ جائے۔ امام کے سلام کے بعد وہی مقتدی اس کا امام بن کر اپنی باقی نماز مکمل کرے گا، اور بعد میں آنے والا اس کی اقتدا کرے گا۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔
فضیلۃ الشیخ عبدالوکیل ناصر حفظہ اللہ



